جعلی اکاؤنٹس کیس: ملزم زین ملک کی 9 ارب5 کروڑ روپے کی پلی بارگین منظور


اسلام آباد: اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیسز کا سامنا کرنے والے ملزم زین ملک کی 9 ارب 5 کروڑ روپے کی پلی بارگین کی منظوری کرلی۔

احتساب عدالت کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران ملزم زین ملک ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔

احتساب عدالت کے جج نے ملزم سے استفسار کیا کہ آیا وہ اپنی مرضی سے پلی بارگین کر رہے ہیں؟ جس پر ملزم زین ملک نے عدالت کو بتایا کہ جی میں اپنی مرضی سے پلی بارگین کر رہا ہوں۔

اس پر عدالت نے ملزم سے پوچھا کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ پھر کسی بھی سرکاری عہدے کے لیے نااہل ہوں گے؟ اس پر زین ملک نے عدالت کو بتایا کہ جی میں پلی بارگین کے نتائج جانتا ہوں۔

خیال رہے کہ 29 جولائی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے زین ملک کی پلی بارگین رپورٹ احتساب عدالت اسلام آباد میں جمع کرادی تھی۔

نیب نے احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا تھا کہ زین ملک کی 6 کیسز میں 9 ارب 5کروڑ 5 لاکھ 54 ہزار 34 روپے کی پلی بارگین منظور کرلی گئی ہے۔

نیب رپورٹ کے مطابق زین ملک نے ایک ارب روپے نیب کے حوالے کردیے ہیں۔ زین ملک بقیہ 8 ارب روپے 3 سال میں سہ ماہی اقساط میں جمع کرائیں گے۔

مزید پڑھیں: نیب کی بڑی کامیابی، جعلی اکاونٹس کیس میں ایک اور وصولی

نیب رپورٹ کے مطابق زین ملک نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس، پنک زیزیڈنسی ریفرنس میں پلی بارگین کی۔ نیب نے زین ملک کی نہر خیام میں الاٹمنٹ کے ریفرنس میں بھی پلی بارگین بھی منظور کرلی۔

نیب رپورٹ کے مطابق اے ون انٹرنیشنل اکاوَنٹ پر نیب تحقیقات میں بھی پلی بارگین منظور کرلی گئی۔ اوپل جوائنٹ وینچر پر نیب تحقیقات میں بھی پلی بارگین منظور کرلی گئی۔

نیب رپورٹ کے مطابق 8ارب روپے کی مبینہ ٹرانزیکشن پر جاری نیب تحقیقات میں بھی پلی بارگین منظور کرلی گئی۔

خیال رہے کہ مارچ میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے احتساب عدالت کو بتایا گیا تھا کہ زین ملک کے ساتھ پلی بارگین کا عمل شروع ہوچکا ہےاور مختلف کیسز میں واجبات کی ادائیگی کا طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں