اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کیسز میں کمی پر فتح کا اعلان نہیں کر سکتے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کورونا وائرس سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں کورونا کیسز میں کمی ہوئی ہے تاہم ابھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ کورونا ختم ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کورونا سے 15 افراد جاں بحق ہوئے اور ہمارے لیے یہ 15 اموات بھی زیادہ ہیں۔ کورونا کیسز میں کمی کیوں ہوئی ؟ اس کی وجہ بہترین حکمت عملی ہے تاہم کورونا کیسز میں کمی پر فتح کا اعلان نہیں کر رہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ امپیریل کالج کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 10 اگست تک کورونا کیسز میں اضافہ ہو گا لیکن کورونا سے متعلق نظام میں بہتری آنے پر ہمیں خوشی ہے اور صحتیاب افراد کے انڈیکس میں بہتری پر ہم سب خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 20 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاوَن ابھی بھی ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا کے 7 ہزار سے زائد ایکٹو کیسز موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان میں کورونا کے 531 نئے کیسز رپورٹ
اسد عمر نے کہا کہ صدر یو این جنرل اسمبلی وولکن بوزکر نے پاکستان کی کورونا کنٹرول پالیسی کی تعریف کی ہے اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے بھی ہمارے کورونا سے بچاؤ کے اقدامات کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کیسز میں کمی عوامی تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھی اس لیے حکومت اور عوام کو کورونا کیسز میں کمی کا کریڈٹ جاتا ہے۔ ہم نے پورا ملک بند کرنے کے بجائے اسمارٹ لاک ڈاوَن کی پالیسی اپنائی۔