کراچی: کراچی میں جماعت اسلامی کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے نکالی گئی ریلی پر کریکر حملے کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق کراچی میں بیت المکرم مسجد کے سامنے جماعت اسلامی کی ریلی پر کریکر حملہ ہوا۔ کریکر حملے میں زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کریکر حملے مین زخمی ہونے والے 33 افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جاچکا ہے۔
ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق 5 افراد کو المصطفیٰ اسپتال،7 کو جناح اسپتال، 11 افراد کو آغا خان اسپتال اور 10 کو لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دریں اثناء آئی جی سندھ پولیس نے متعلقہ ایس پی سے واقع کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ پولیس اور ریسکیو حکام نے ایمبولینسز میں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔
ہم نیوز کے مطابق کریکر حملے کے وقت لوگوں کی ایک بڑی تعداد ریلی میں شریک تھی۔ ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کر رہے تھے۔
مزید پڑھیں: کراچی: کورنگی میں مبینہ دستی بم حملہ،3 افراد زخمی
خیال رہے کہ یوم استحصال کے تحت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے ریلیاں نکالیں اور بھارت کے 5 اگست کے اقدام کی شدید مذمت کی۔