دوسری بیوی نے برطانوی شہریت رکھنے والے شوہر کو گھر سے نکال دیا


جہلم: پاکستانی نژاد برطانوی شہری کو وطن واپس لوٹنے پر قیمتی سامان، پاسپورٹ اور نقدی سے محروم کرنے کے بعد دوسری بیوی نے گھر سے نکال دیا۔

جہلم تھانہ صدر کے علاقہ کالا گجراں میں مقیم پاکستانی نژاد برطانوی شہری محمد لطیف منہاس کے مطابق ان کی دوسری بیوی رشیدہ بیگم اور سوتیلے بیٹوں نے غیر ملکی کرنسی اور  پاسپورٹ چھین لیے۔

برطانوی شہری محمد لطیف کے مطابق اس کی پہلی بیوی کی وفات 1995 میں ہوئی جس کے بعد اس نے 2005 میں رشیدہ بیگم سے دوسری شادی کی اور واپس برطانیہ چلا گیا۔ اس دوران مختلف اوقات میں پاکستان آتا جاتا رہا لیکن رواں برس جب وہ بیمار ہوا تو مستقلا پاکستان واپس آگیا۔ گھر پہنچ کر دوسری بیوی اور سوتیلے بچوں  کوبتایا کہ وہ برطانیہ کو خیر باد کہہ کر مستقل وطن واپس آ گیا ہے، اب شاید دوبارہ واپس نہ جائے۔ جس کے بعد اس کی دوسری بیوی اور سوتیلے بیٹوں نے سوچی سمجھی سازش کے تحت برطانیہ سے لائی گی غیر ملکی کرنسی، پاسپورٹ اور جائیداد کے تمام کاغذات وغیرہ  چھین کر اسے گھر سے نکال دیا۔

پاکستانی نژاد برطانوی شہری کا کہنا تھا کہ اس کے پاس برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی امانتوں کے 18000 پاونڈ تھے وہ بھی مجھ سے چھین لئے گئے ہیں۔

محمد لطیف نے بتایا کہ گھرسے نکالنے کے بعد  سوتیلے بیٹوں نے غیر ملکی کرنسی کے ساتھ اپنی تصویریں فیس بک پر لگائیں جس پر اس کی حقیقی بیٹی کو بات پتا چلی تو وہ اسے اپنے گھر لے آئی۔

تھانہ صدر کالا گجراں  پولیس چوکی میں اپنی بیوی اور تینوں سوتیلے بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کرواتے ہوئے محمد لطیف نے ڈی پی او جہلم  اور برطانوی ہائی کمیشن سے اپیل ہے کہ اس کی مدد کریں اور اسے پاسپورٹ، رقم اور جائیداد کی دستاویزات واپس دلائیں۔

پولیس چوکی کالا گجراں کے انچارج  کے مطابق پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

جہلم پولیس کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان کو جلد گرفتار کر کے میرٹ پر تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں