ایوان صدر میں کورونا ہیلتھ ورکرز کے اعزاز میں تقریب


اسلام آباد: ایوان صدر اسلام آباد میں ملک بھر کے مختلف اسپتالوں میں کورونا وبا کے دوران ڈیوٹی سرانجام دینے والے ہیلتھ ورکرز اور ڈاکٹروں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران قوم کی خدمت کرنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ ایوان صدر میں ایسی تقاریب کے انعقاد پر دلی خوشی ہوتی ہے۔

صدرمملکت کا کہنا تھا کہ برابری پر یقین رکھنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں۔ ایس اوپیز پر عمل اور سماجی فاصلے سے تمام امور نمٹائے جاسکتے ہیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ مساجد میں پاکستانی قوم نے احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے دکھایا۔ حکومتی اقدامات اور عوام کی جانب سے ایس او پیز پر عمل سے کورونا وبا پر قابوپایا۔ ڈاکٹرز اور فرنٹ لائن ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں: حکومت سندھ نے تمام ہیلتھ ورکرزکے لیے رسک الاؤنس کی منظوری دے دی

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب متعدد ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کی جابن سے جاری فہرست  کے مطابق ملک بھر میں 41 ہیلتھ ورکرز کورونا وائرس کیخلاف لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں38 ڈاکٹر اور تین پیرامیڈکس جاں بحق ہوئے ہیں۔  پنجاب سے 19، خیبر پختونخواہ سے پانچ، بلوچستان سے چار ، گلگت بلتستان (جی بی) سے ایک ڈاکٹر جاں بحق جب کہ سندھ میں کورونا وائرس سے کسی ڈاکٹر کا انتقال نہیں ہوا ہے۔ جاں بحق ہونے والے پیرا میڈکس کا تعلق اسلام آباد اور کراچی سے ہے۔


متعلقہ خبریں