لاہور : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار آج سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مفادعامہ کیسز کی سماعت کریں گے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی لاہوررجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثارمفاد عامہ کے کیسز کی سماعت کریں گے جن میں پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی فیسوں سمیت دیگراہم مقدمات شامل ہیں۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ اسپتالوں کی حالت زار سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کرے گے۔
سپریم کورٹ کا بینچ پنجاب کی 56 کمپنیوں میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔
کرسٹل لائنز کیمیکل فیکٹری کے فضلے سے آبی آلودگی میں اضافے سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں عدالت نے ڈی جی ماحولیات سے رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔
فیکٹری کے مالک کی جانب سے بدھی نالہ پر سی سی پی لاہور کی جانب سے بند باندھنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
عدالت عظمیٰ کا دو رکنی بنچ مرغیوں کو دی جانے والی فیڈ سے متعلق بھی از خود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔
صاف پانی کی عدم فراہمی اور ملک بھر میں آلودگی سے متعلق کیسز کی سماعت بھی آج ہوگی۔
سپریم کورٹ کے دورکنی بینچ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس اعجازالاحسن شامل ہیں۔