بلاول کا نیب کو بند کرنے کا مطالبہ احتساب سے بچنے کی کوشش ہے، حکومتی وزرا


اسلام آباد: حکومتی وزرا نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا نیب کو بند کرنے کا مطالبہ احتساب سے بچنے کی کوشش ہے۔

بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا کہ چوروں سے نجات قوم کا مقدر ہے، عمران خان وسیلہ ہیں۔

وفاقی وزیرمراد سعید نے کہا کہ عمران خان نے رائیونڈ اور سندھ کے چوروں سے بیک وقت قوم کی جان چھڑائی۔ پرچی چیئرمین کی پریس کانفرنس کے بعدبلی تھیلے سے باہرآچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرزند زرداری نے واضح کردیا کہ احتساب سے بچنے کے لیے نعرہ لگانے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ نیب یا قانون پر نہیں انہیں چوری اور ڈاکہ زنی کے بارے میں سوالات پر اعتراض ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ پرچی چیئرمین نے بینظیر بھٹو کے خلاف سازش کرنے والوں کیساتھ محبتیں بڑھائیں مگر ہمیں نہ ڈرائیں۔بدعنوانوں کا کوئی اتحاد یا حزب اختلاف کی کوئی کانفرنس احتساب پر اثرانداز نہیں ہوسکتی۔

مزید پڑھیں: نیب کے رہنے کا کوئی جواز نہیں، بلاول کا چیئرمین نیب کے استعفے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ٹڈی دل فصلوں پر تو پیپلز پارٹی صوبائی وسائل پر ہاتھ صاف کرتی رہی۔ کرپشن کے ہر بڑے مقدمے میں زرداری براہِ راست یا اپنے کسی کارندے کے ذریعے ملوث ہیں۔ کرپشن کا حساب لیں گے اور سیاسی شرارتوں کا بھرپور جواب دیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‏بلاول کی نیب بند کرو کی پکار کا مطلب ہے ہمیں عوام کو لوٹنے سے کوئی نہ روکے، نہ پوچھے۔

آج لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئَے بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا تھا کہ نیب کے رہنے کا کوئی جواز نہیں اور چیئرمین جسٹس(ریٹائرڈ) جاوید اقبال کو مستعفی ہونا چاہیے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب نیب کے قائم رہنے کا کوئی جواز نہیں رہتا، نیب کو تالا لگائیں اور غیر آئینی ادارے کو بند کریں۔ چیئرمین نیب استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔

بلاول نے کہا تھا کہ نیب کو اپنے آپ کو واضح کرنا چاہیے، حکومت کے میگا اسکیمز پر نیب ایکشن نہیں لے رہا۔ پہلے صرف ہم کہتے تھے اب عدلیہ نے بھی کہہ دیا۔ فیس نہیں کیس دیکھنے والا مذاق بند کریں۔ نیب کو ختم کرنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا ہونا چاہیے۔ بلاتفریق احتساب کیلئے سب کو مل کر قانون سازی کرنا ہوگی۔


متعلقہ خبریں