کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری، شہریوں کو مشکلات


کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کراچی کے باسیوں کی مشکلات کم نہ ہو سکیں۔ لیاری، اورنگی ٹاؤن، کورنگی سمیت مختلف علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

کراچی میں بجلی کی طلب و رسد کا فرق 500 میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ جس کے باعث مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ ہو گیا ہے۔

کراچی میں بجلی کی مجموعی طلب 3 ہزار ایک سو میگاواٹ ہے۔ کے الیکٹرک پاور پلانٹ سے ایک ہزار 750 میگا واٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ نجی پاور پلانٹس سے 150 اور نیشنل گرڈ اسٹیشن سے 700 میگاواٹ بجلی لی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے کراچی میں لوڈشیڈنگ پر رپورٹ جمع کرا دی ہے، جس کی سفارشات کی روشنی میں کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں جہاں بجلی کی چوری وہاں لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک

نیپراکی جانب سے کے الیکٹرک کوشوکازنوٹس جاری کیا گیا ہے۔

نیپرا کی تحقیقاتی کمیٹی کے رپورٹ کے مطابق بجلی بحران کی وجہ ایندھن کی کمی قرار دینا غلط ہے۔  کے الیکٹرک نے بجلی کی پیداوار کیلئے سرمایہ کاری نہیں کی۔ کے الیکٹرک نے سوئی سدرن سے معاملات طے نہیں کیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کے الیکٹرک کی جانب سے کی جانے والی زائد بلنگ کے آڈٹ  کا مطالبہ کیا تھا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے پرنسپل سیکریٹری کے ذریعے چیئرمین نیپرا کو لکھے گئے خط  میں کہا تھا کہ عام آدمی کے لیے کے الیکٹرک کا بل ایک ڈراؤنا خواب بن گیا ہے۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پرشہری کے الیٹرک سے متعلق مختلف امورپرشکایت کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق خط میں تحریر کیا گیا تھا کہ سب سے زیادہ شکایات زائد بلنگ کی مد میں ہے۔


متعلقہ خبریں