انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل بارش کی نذر ہوگیا۔
تیسرے دن کا کھیل کوئی بھی گیند کرائے بغیر بارش کی وجہ سے ختم کر دیا گیا۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں بیٹنگ کرتے نو وکٹوں کے نقصان پر چار سو انہتر بنا کر اننگز ڈکلئیر کی تھی۔
ڈوم سبلی اور کپتان بین اسٹوکس نے سینچریاں اسکور کیں۔ ویسٹ انڈیز نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر بتیس رنز بنا لیے۔
دوسرے ٹیسٹ میں بارش کے باعث ٹاس بھی تاخیر سے ہوا تھا۔ مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا تھا۔
پہلے بلے بازی کرتے ہوئے میزبان ٹیم انگلینڈ کی پہلی دو وکٹیں29 کے مجموعی اسکور پر گر گئی تھیں اور تیسری وکٹ اکیاسی رنز پر گری۔
اوپنر روری برنز15 رنز بنا کر روسٹن چیز کا شکار بنے۔ ڈوم سِبلی اور بین اسٹوکس نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا ۔ دونوں نے سنچریاں بنائیں۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں بیٹنگ کرتے نو وکٹوں کے نقصان پر چار سو انہتر بنا کر اننگز ڈکلئیر کی تھی۔
سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلش ٹیم کے 204 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم 318 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی اور اسے 114 رنز کی برتری حاصل تھی۔
پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں میزبان ٹیم انگلینڈ 318 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے کراولی 76، اور سیبلی 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلش ٹیم نے ٹیسٹ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز 15 رنز بنا کسی نقصان سے آگے بڑھائی تو اوپنرز نے زبردست آغاز فراہم کرتے ہوئے 72 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 200 رنز کا ہدف بلیک ووڈ کی شاندار 95 رنز کی بدولت چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔