149 ملز گندم کی چوری میں ملوث پائی گئیں، شہزاد اکبر


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ حکومت  کیگندم چوری اور ذخیرہ اندوزو ں کے خلاف کارروائی جاری ہے، اب تک 149 ملز گندم کی چوری میں ملوث پائی گئی ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی احتساب نے کہا کہ ملک بھر میں 20 ارب روپے سے زائد جرمانے ہوئے ہیں۔ پنجاب میں سرکاری نرخ پر آٹا نہ ملے تو شکایت کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 60 سے 70 سرکاری افسران اور ملازمین بھی ملز کے ساتھ گندم  کی چوری میں ملوث پائے گئے۔ محکمہ خوراک کے 156 افراد کے خلاف بھی کارروائی ہورہی ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ حکومتی سبسڈی کے تحت 667 آٹا ملز کو گندم فراہم کی گئی۔ پنجاب میں20 کلو کا آٹے کا تھیلا 860روپے میں مل رہاہے۔ آٹےسے متعلق معاملات حکومت دیکھ رہی ہے۔

معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ چینی کو گھاٹے کا سودا کہنے والے مالدار مالکان نے چوٹی کے وکیل کیے ہیں۔ شوگر کمیشن کی رپورٹ کے بعد ہر ادارہ اپنے قانون کے تحت کارروائی کریگا۔ ملوں کی چوری سے 25کروڑ روپے کے لگ بھگ نقصان ہوا۔

مزید پڑھیں: آٹا اسکینڈل: سابق سیکرٹری خوراک پنجاب نے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کردیا

معاون خصوصی برائے احتساب نے کہا کہ 2007 اور 2009 کے دوران بھی چینی بحران پیدا ہوا تھا۔ چینی بحران پر وزیراعظم نے کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کمیشن جو رپورٹ پیش کرے گی وہ پبلک ہوگی۔ اس سے پہلے کوئی کمیشن رپورٹ پبلک نہیں ہوئی۔ وزیراعظم نے وعدے کے مطابق کمیشن رپورٹ پبلک کی۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ چینی کمیشن کے ساتھ آٹے بحران کا بھی معاملہ سامنے آیا۔ وزیراعظم آٹے سے متعلق روزانہ کی بنیاد پراجلاس کی صدارت کرتے ہیں۔ مسابقتی کمیشن اس لیے بنا ہے کہ کاروبار پر کوئی اجارہ داری نہ قائم کرے۔ مسابقتی کمیشن نے کچھ لوگوں کی نشاندہی کی اور2009 کو جرمانے عائد کیے۔

انہوں نے کہا کہ جب اوپرکی سطح پر تبدیلی آتی ہے تو بنیادی فرق پڑتا ہے۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن سندھ  سندھ ہائی کورٹ گیا اوروہاں سے حکم امتناحی لیا۔ ان افراد نے عدالتوں سے حکم امتناعی لے لیا ہے۔

معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اس معاملے کی سندھ میں بھی پیروی کی اور وہاں سے بھی حکم امتناعی خارج ہوگیا۔ اب اسلام آباد میں ایک انٹرا کورٹ اپیل کی گئی۔ وفاق کی درخواست پر سپریم کورٹ نے امتناع ختم کردیا۔


متعلقہ خبریں