بی این پی مینگل نے تحریک انصاف اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کر دیا


اسلام آباد: بی این پی مینگل نے تحریک انصاف اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے کہا کہ میں آج ایوان میں پی ٹی آئی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایوان میں موجود رہیں گے اور اپنی بات کرتے رہیں گے۔

اختر مینگل نے کہا کہ حکمران جماعت نے ہمارے ساتھ بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے معاہدہ کیا تھا۔ کیا ان معاہدوں پر عملدرآمد کیا گیا ؟ اس معاہدے پر شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین اور یار محمد رند کے دستخط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوئی کالونی نہیں ہیں ہمیں اس ملک کا شہری سمجھا جائے۔ ہم نے دو سال انتظار کیا لیکن ابھی بھی وقت مانگا جارہا ہے۔

اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور ہم نے اسے سیاسی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہمارے نکات سے بلوچستان کے مسائل حل نہیں ہونے تھے لیکن ہمیں ساتھ لے کر تو چلا جائے۔

یہ بھی پڑھیں سندھ میں بھاشن کے علاوہ راشن دیا ہے؟ مراد سعید کا استفسار

بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے ایک سال پہلے کہا تھا کہ شاید ہم حکومت کا حصہ نہ رہیں کیونکہ ہمارے مطالبات پورے نہیں کیے جا رہے تاہم حزب اختلاف ہماری شرائط مان لے تو حزب اختلاف میں ‌شامل ہونے کیلئے تیار ہیں۔

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کی قیادت میں وفد نے اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کیلئے اختر مینگل سے ملاقات کی تھی۔ اس دوران پرویز اشرف اور نیئر بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اختر مینگل نے اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کے لیے اپنی شرائط رکھیں تھیں۔


متعلقہ خبریں