آرمی چیف کا شہباز شریف، شیخ رشید کو فون، خیریت دریافت


اسلام آباد:  آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ  نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق آرمی چیف نے شہبازشریف کی کورونا سے جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اورعلاج معالجے میں معاونت کا بھی پوچھا۔

مریم اورنگزیب کے مطابق پاکستان میں تعینات چینی سفیریاؤجنگ نے بھی شہبازشریف سے رابطہ کرکے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔  چینی سفیریاؤجنگ نے شہباز شریف سے کسی بھی قسم کی معاونت کی پیشکش کی۔

دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر ریلوے شیخ رشید کو فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔
اپوزیشن لیڈرشہبازشریف نےچینی سفیرکاشکریہ اداکیا

ہم نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ جس کی تصدیق ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس جانوروں میں بھی پھیلنے کا خوف، پاکستان میں ٹیسٹ شروع

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ لاہور کی نجی لیبارٹری سے کرایا گیا تھا جس کا رزلٹ گزشتہ شب 12 بجکر 58 منٹ پر موصول ہوا۔

شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ 10 جون دن 3 بجکر 56 منٹ پر ہوا تھا اور نجی لیبارٹری کی ٹیم نے شہباز شریف کے گھر جا کر ہوم سیمپلنگ سروس کے تحت ان کے نمونے لیے تھے۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی اور مریم اورنگزیب کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا ہے، ن لیگی رہنما طاہرہ اورنگزیب اور عطااللہ تارڑ میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے اور تمام رہنماؤں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

سینیٹر ثنا جمالی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ایم این اے اُسامہ قادری نے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

اس سے پہلے  وزیر ریلوے شیخ رشید سمیت کئی اراکین اسمبلی میں کورونا ٹیسٹ کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کورونا کو شکست دے کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں