سندھ میں 24 گھنٹے کے دوران ریکارڈ 3038 نئے کیسز رپورٹ

فائل فوٹو


کراچی:  وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تصدیق کی ہے کہ صوبے بھر میں 24 گھنٹے کے دوران ریکارڈ 3038 نئے کیسزرپورٹ ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق  صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 38 مزید مریض انتقال کرگئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 10،088 ٹیسٹ کیے گئے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا مزید بتانا ہے کہ سندھ میں کورونا سے اموات کی تعداد  ہے۔

دریں اثناء سندھ حکومت کے ترجمان سینیٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنی ایک ٹویٹ میں صوبے بھر میں 17 سو 12 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری غفلت کی وجہ سے ہمارے بچے اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 5 ہزار 834 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ انیس ہزار 536 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 101 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کے بعد بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 356 ہو گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 38 ہزار 391 مریض صحتیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 45 ہزار 463 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 43 ہزار 790، خیبرپختونخوا میں 15 ہزار 206، بلوچستان میں 7 ہزار 335، اسلام آباد میں 6 ہزار 236، آزادکشمیر میں 488 اور گلگت بلتستان میں 1,018 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 841 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 738، خیبر پختونخوا میں 619، اسلام آباد میں 62، گلگت بلتستان میں 14، بلوچستان میں 73 اور آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 26 ہزار 573 ٹیسٹ کیے گئے گئے جب کہ مجموعی طور پر 7 لاکھ 80 ہزار 825 ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔


متعلقہ خبریں