پی ٹی آئی نے نگرانوں کےناموں پر مشاورت مکمل کرلی


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ کے ناموں پر مشاورت مکمل کرلی ۔

مشاورت چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کی گئی۔

حکمران اور اپوزیشن جماعتوں میں نگران سیٹ اپ کے ناموں کے لیے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

پی ٹی آئی نے نگران وزیراعظم کے لیے عبدالرزاق داؤد، جسٹس تصدق جیلانی اورڈاکٹر عشرت حسین کا نام دیا ہے۔

جسٹس تصدق جیلانی چیف جسٹس پاکستان کی حیثیت سے 2013 سے 2014 تک خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

ڈاکٹر عشرت حسین 1999 سے 2006 تک گورنر اسٹیٹ بینک  رہ چکے ہیں۔

عبدالرزاق داؤد 1999 سے 2002 تک جنرل(ر) پرویز مشرف کی کابینہ میں وزیر تجارت رہ چکے ہیں۔

نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے لئے تحریک انصاف کو اپوزیشن کے فیصلے کا انتظار ہے۔

اپوزیشن کی جانب سے نام سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف بھی نگران وزیر اعلیٰ کے لیے اپنا نام تجویزکر دے گی۔

پارٹی کے تجویز کردہ  ناموں کوقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ تک پہنچانے کی ذمہ داری مخدوم شاہ محمود قریشی کو سونپی گئی ہے۔

خیال کیا جارہا ہے کہ سید خورشید شاہ اور شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات بہت جلد ہو گی۔

بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ کی لئے اشرف جہانگیر قاضی کا نام تجویز کیا گیا ہے.

اشرف جہانگیر قاضی 2002 سے 2004 تک امریکا میں پاکستانی سفیر کی حیثیت سے تعینات رہے ہیں۔

پنجاب کے نگران وزیر اعلی کے لئے ڈاکٹر سلمان شاہ، شاہد کار دار اور طارق کھوسہ کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر محمود الرشید اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد یہ نام وزیر اعلیٰ پنجاب کے سامنے رکھیں گے۔

30 مئی 2018 کو موجودہ اسمبلی کی آئینی مدت ختم ہورہی ہے جس کے بعد 60 دنوں کے اندرنگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابی عمل مکمل کرائے۔

آئین کے مطابق نگران حکومت کا انتخاب وزیراعظم اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف باہمی مشاورت سے کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں