جھنگ کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کا حملہ، فصلیں متاثر

بارکھان میں ایک بار پھر ٹڈی دل کا حملہ

جھنگ: پنجاب کے ضلع جھنگ کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے حملے میں فصلیں شدید متاثر ہوئیں۔

ضلع کے ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کے مطابق متاثرہ علاقوں میں اسپرے شروع کر دیا گیا ہے اور زرعی ماہرین آپریشن میں معاونت کر رہے ہیں۔

محکمہ ذراعت کے مطابق ٹڈی دل کی نقل وحمل کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

چند روز قبل ٹڈی دل نے لیہ کے نشیبی علاقوں میں کھڑی فصلوں پر حملہ کر دیا تھا۔

ٹڈی دل نے لیہ کے نشیبی علاقوں کا رخ کیا تھا۔ لیہ کے نشیبی علاقے کھوکھر والا، شاہ والا، بیٹ گجی اور بکھری احمد خان میں ٹڈی دَل کے وار جاری ہیں۔ ٹڈی دل کے حملے میں گندم، مرچ  اور ٹماٹر کی فصلیں متاثر ہوئیں۔

کاشتکار اپنی مدد آپ کے تحت ڈھول اور برتن بجا کر ٹڈی کو بھگانے میں مصروف رہے۔

اس سے قبل بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ٹڈی دل کے حملے میں فصلیں تباہ ہو گئیں۔

بارکھان کی فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے میں کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا تھا جبکہ مرچ، پیاز اور ٹماٹر کی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔

محکمہ زراعت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں اسپرے کا عمل شروع کر دیا گیا۔

گزشتہ ہفتے سندھ کے ضلع نواب شاہ میں ٹڈی دَل نے فصلوں پر حملہ کر دیا تھا۔ جس کے باعث کپاس، گنا، جوار اور پیاز کی فصل کو نقصان پہنچا۔

نواب شاہ کی تحصیل دوڑ کی یونین کونسل اباوڑی ساوڑی، سھیلو اور سومر جمالی میں ٹڈی دَل نے حملہ کیا تھا۔ جس کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں چین کا ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے ایک لاکھ بطخیں فراہم کرنے کا فیصلہ

کاشتکاروں کا کہنا تھا کہ ٹڈی دَل کے فصلوں پر حملے نے ہمیں پریشان کر دیا ہے۔ حکومت ٹڈی دَل کے خاتمہ کے لیے اسپرے کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال کے اختتام اور رواں سال کے شروع میں بھی ٹڈی دل نے ملک کے مختلف علاقوں پر حملہ کیا تھا جس کی وجہ سے پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں فصلوں کو نقصان پہنچا تھا۔


متعلقہ خبریں