آرمی چیف سے چینی سفیر کی ملاقات


اسلام آباد: پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جِنگ نے آرمی  چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف اور چینی سفیر نے باہمی دلچسپی اورعلاقائی سیکیورٹی کے امورپرتبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کورونا سے لڑنے میں مدد کیلئے چینی طبی ماہرین بھیجنے پر تشکر کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل چینی سفیر نے کہا تھا کہ چین ہر طرح سے پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ چین نے ایک بار پھر دنیا کو دکھایا ہے کہ وہ پاکستان کے دوست ہیں اور وہ مشکل وقت میں ہر صورتحال کے لیے تعاون اور ہم آہنگی کے لیے دستیاب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کوروناوائرس کے سبب دنیا میں 83 ہزار سے زائد اموات

چینی سفیر نے کہا تھا کہ پاکستان چین کے لیے پہلے نمبر کی ترجیح ہے اور دونوں ممالک ہر موسم کے دوست ہیں۔ چین پاکستان کے لیے ہر طرح کی مدد جاری رکھے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل چینی کمپنیوں کے سربراہان نے وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں  50 لاکھ روپے عطیہ دیا تھا۔

گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان سے چین کی دو کمپنیوں کے سربراہان نے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے  50 لاکھ روپے عطیہ کا چیک پیش کیا تھا۔

چینی کمپنیوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو 30 لاکھ روپے کا حفاظتی سامان بھی عطیہ کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چینی کمپنیوں کی مدد پر شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

یہ  بھی پڑھیں: کورونا: ایف اے ٹی ایف نے اپنے تمام طے شدہ اجلاس ملتوی کردیے

خیال رہے کہ چند روز قبل قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا خصوصی طیارہ چین سے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچا تھا۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے 8552 چین سے کورونا وائرس سے متعلق امدادی سامان لے کر اسلام آباد پہنچی۔  جہاز میں 20 کنٹینرز پر مشتمل امدادی سامان لایا گیا جس میں ٹیسٹنگ کٹس، گلوز اور ماسک شامل ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق کسٹمز کلیئرنس کے بعد سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں