تھرپارکر: سندھ کے ضلع تھر پارکر سے پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی رانا ہمیر سنگھ بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔
ڈپٹی کشمنر تھرپارکر ڈاکٹر شہزاد طاہر تھہیم کے مطابق رانا ہمیر سنگھ تھر پارکر سے خصوصی نشست پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دنوں مٹھی کی ایک تقریب میں شرکت کی تھی جہاں جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالرشید بھی شریک تھے جن میں دو روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
رکن صوبائی اسمبلی عبدالرشید میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد رانا ہمیر سنگھ نے بھی اپنا ٹیسٹ کرایا جس کی رپورٹ مثبت آئی۔
رانا ہمیر سنگھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کا ٹیسٹ دوبارہ لیا جائے گا یہ رپورٹ درست نہیں ہے۔
گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہوں نے گورنر ہاؤس میں ہی قرنطینہ کر لیا جبکہ رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد انہوں نے بھی خود کو گھر میں آئیسولیٹ کر لیا ہے۔
سینیٹر مرزا آفریدی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں چیئرمین سینیٹ کا کورونا کا شکار عمران اسماعیل اور مرزا آفریدی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ سے دعا ہے کہ مجھے اس وبائی مرض سےنمٹنے کی ہمت دے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیں مشکل حالات سے لڑنا سکھایا ہے۔
گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کورونا وائرس کا شکار گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سینیٹر مرزا آفریدی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صادق سنجرانی نےگورنر سندھ عمران اسماعیل اور سینیٹر مرزا آفریدی سے رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔