اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی حکومت کے اداروں اور وزارتوں میں خلاف ضابطہ تعیناتیوں پر نوٹس لے لیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر سیکرٹری محمد اعظم خان نے تمام وزارتوں کو خط لکھ کر اطلاع دی ہے کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیرتعینات تمام افسران کوفارغ کیا جائے۔
وزیراعظم نے مسلم لیگ ن کے دورحکومت میں تعینات ہونیوالے افسران کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ کابینہ کا اختیارحاصل کرنے والے وزراء کی منظوری سے تعینات افسران کی لسٹ بھی طلب کی گئی ہے۔
عمران خان نے تمام وفاقی وزارتوں اور انکے ماتحت اداروں سے 30اپریل تک بھرتیوں کی رپورٹ طلب اور بھرتیوں کی رپورٹ 5مئی کو کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم آج کابینہ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں جس میں ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔
کابینہ پاک عرب ریفائنری بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری بھی دے گی اس کے علاوہ کئی لمیٹڈ کمپنیوں میں ڈائریکٹرز کی خالی اسامیوں پر نامزدگیوں کی منظوری دی جائے گی۔
پاکستان پٹرولیم کمپنی، سوئی نادرن گیس، پاکستان منرل ڈویلپمنٹ، آئل اینڈگیس کمپنی میں نامزدگیاں کی جائیں گی۔