کورونا وائرس، امریکہ میں مزید 4 پاکستانی نژاد جاں بحق

فوٹو: فائل


واشنگٹن: امریکہ میں مزید 4 پاکستانی نژاد امریکی کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جاں بحق ہونے والی پاکستانیوں میں مولانا ملک صغیر حسین علوی، آغا سجاد شاہ، صدیق بھٹہ اور طارق محمود شامل ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے سبب جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 150 سے تجاوز کر گئی ہے اور زیادہ تر اموات امریکی ریاست نیویارک، کینٹی کٹ اور نیو جرسی میں ہوئی ہیں۔

پانچ روز قبل بھی 40 سالہ پاکستانی رانا اصغر کورونا کے سبب جان کی بازی ہار گیا تھا۔ وہ نیو جرسی کی مقامی اسپتال میں زیرعلاج تھا۔

کورونا وائرس کے سبب جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں میں باؤمحمد سعید بھی شامل ہے جس کی عمر56 سال اور تعلق پاکستان میں صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کے علاقے نوشہرہ ورکاں سے تھا۔

اس سے قبل ایک پاکستانی ملک عنایت بھی کورونا وائرس کے سبب جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ملک عنایت کا تعلق بھی نوشہرہ ورکاں سے تھا۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق امریکی حکومت نے اب تک جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے تصدیق شدہ اعداد و شمار نہیں بتائے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیونٹی سورسز اور تدفین کے اداروں کے اعداد و شمار اندازوں پر مبنی ہیں۔

سفارتخانے کے مطابق شکاگو، لاس اینجلس اور ہیوسٹن کے قونصل خانوں نے غیر رسمی رپورٹس جاری نہیں کیں۔ صورتحال ہر لمحہ بدل رہی ہے۔

ترجمان پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن کے مطابق سفارتخانہ اور امریکہ میں تمام قونصل خانے پاکستانیوں سے رابطہ میں ہیں۔

خیال رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں جہاں مجموعی تعداد 7 لاکھ 64 ہزارسے تجاوز کر گئی ہے اور 40 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

نیویارک میں کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں اور اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد گنجائش سے زیادہ ہوگئی ہے۔

امریکی ریاست میں کم سے کم 37 ہزار وینٹی لیٹرز کی ضرورت ہے اور اپریل کے آخر تک ریاست میں مزید کیسز سامنے آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں امریکہ میں کورونا سے جاں بحق پاکستانیوں کی تعداد غیر مصدقہ ہے، سفارتخانہ

نیویارک امریکہ میں کورونا کا مرکز سمجھا جا رہا ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وہاں مزید 1000 میڈیکل فوجی ورکرز تعینات کر دیے ہیں۔


متعلقہ خبریں