کورونا وائرس: سعودی عرب کا خطبہ جمعہ، نمازوں کے اوقات مختصر کرنے کا فیصلہ


ریاض: کورونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے جمعہ کا خطبہ اور نمازوں کے اوقات مختصر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور ڈاکٹر عبدالطیف نے تمام مساجد کو ہدایت جاری کی ہے کہ جمعہ کا خطبہ پندرہ منٹ جبکہ نمازوں کو مختصر دورانیے میں پڑھایا جائے۔

ساتھ ہی وزیر مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ سوموار اور جمعرات کو روزہ رکھنے والے افراد افطاری کا اہتمام اپنے گھروں میں کریں۔

سعودی وزیر نے ملک بھر کی مساجد میں پانی پینے کے گلاسز فوری طور پر ہٹانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزیر مذہبی امور ڈاکٹر عبدالطیف کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر ہمیں ملکر انسانی صحت کے حوالے سے اقدامات کرنے ہونگے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ دس ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار چھ سو ساٹھ تک پہنچ گئی ہے۔

اٹلی کے چیف آف آرمی اسٹاف کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد جنرل نے خود کو گھر تک محدود کردیا ہے جبکہ دوسرے آرمی چیف نے انکی جگہ ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: قطر نے پاکستانیوں کیلئے سیاحتی ویزے پر پابندی لگا دی

وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اٹلی کی ایک کروڑ 60 لاکھ کی آبادی پر مشتمل 11 صوبوں میں لاک ڈاؤن کردیا گیا۔

امریکہ میں وائرس سے 22 افراد ہلاک اور متاثرہ افراد کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔

افغانستان میں 4 ، مالدیپ میں  2  بنگلہ دیش میں3 جبکہ سری لنکا، بھوٹان، نیپال میں ایک ایک کیس کی تصدیق کی کی گئی ہے۔ جاپان میں بھی کورونا وائرس سے پہلا شخص جان کی بازی ہار گیا۔


متعلقہ خبریں