ڈیرن سیمی نے مردان کے بچے کی دلی خواہش پوری کر دی

ڈیرن سیمی نے مردان کے بچے کی دلی خواہش پوری کر دی

اسلام آباد: پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے مردان سے تعلق رکھنے والے دس سالہ بچے شاہ خان سے ملاقات کرکے ان کی دلی خواہش پوری کر دی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے سابق کپتان ہمیشہ سے ہی پاکستانی عوام کے پسندیدہ رہے ہیں اور پاکستان میں ان کی بہت زیادہ فین فالونگ پائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرن سیمی 23 مارچ کو پاکستان کے اعزازی شہری بن جائیں گے

خیبر پختونخوا کے شہر مردان سے تعلق رکھنے والے شاہ خان جن کی عمر دس سال ہے نے ڈیرن سیمی کی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی۔

شاہ خان جو کہ پینٹر ہیں اور ڈیرن سیمی کے بہت بڑے فین بھی، انہوں نے تصویر کے ساتھ سیمی سے ملنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

ڈیرن سیمی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصویر کے جواب میں لکھا تھا کہ یہ کہاں سے تعلق رکھتے ہیں، میں ان سے ملنا چاہتا ہوں۔

اور آج سیمی نے دس  سالہ  شاہ خان کو خصوصی طور پر مردان سے اسلام آباد بلایا اور ان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران شاہ خان نے ڈیرن سیمی کو اپنی بنائی ہوئی پینٹنگ بطور تحفہ دی جب کہ ڈیرن  سیمی نے ننھے پینٹر شاہ خان کو زلمی کی شرٹ بطور تحفہ دی۔

خیال رہے کہ پشاور زلمی کے سابق کپتان اور موجود ہیڈ کوچ کو 23 مارچ کو پاکستان کی اعزازی شہریت اور ملک کا اعلیٰ ترین اعزاز دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرن سیمی کی زلمی کے فین بچے سے ملاقات

صدر پاکستان عارف علوی پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دینے پر 23 مارچ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو اعزازی طور پر پاکستانی شہریت اور اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ سے نوازیں گے۔


متعلقہ خبریں