پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 2 افراد متاثر، امریکہ میں ایک ہلاک

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 2 افراد متاثر، امریکہ میں ایک ہلاک

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 ہو گئی۔ امریکہ میں بھی کورونا وائرس سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں۔ پاکستان میں گزشتہ روز مزید دو نئے کیسز سامنے آئے جس میں سے ایک مریض کراچی اور دوسرا اسلام آباد سے رپورٹ ہوا جس کا اعلان مشیر صحت ظفر مرزا نے کیا۔

سعودی عرب کے بعد جاپان نے بھی پاکستانی شہریوں کے داخلے پر شرائط عائد کر دیں۔ جاپانی سفارتخانے کی جانب سے وزارت خارجہ کو مراسلہ میں کہا گیا کہ گزشتہ 2 ہفتوں میں جنوبی کوریا کا سفر کرنے والے پاکستانیوں کے جاپان میں داخلے پر پابندی عائد ہو گی جس کا باقاعدہ اطلاق 27 فروری سے کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد ائرپورٹ پر کامیاب تجربے کے بعد کراچی، لاہور اور پشاور ائرپورٹس پر بھی تین تھرمل اسکینرز نصب کر دیے گئے۔

دوسری جانب چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 873 ہو گئی۔ ایران میں 43، اٹلی میں 29، جنوبی کوریا میں 17 اور جاپان میں 5 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس 57 ممالک تک پھیل گیا جبکہ ہانگ کانگ میں کتے میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس، محکمہ صحت پنجاب نے تازہ صورت حال جاری کردی

امریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی ایک ہلاکت کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس نے امریکی شہریوں کو کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک جنوبی کوریا، اٹلی، ایران اور دوسرے علاقوں کے سفر سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس، پاک افغان سرحد 2 مارچ سے بند رکھنے کا اعلان

جنوبی کوریا نے خطرناک وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے گرجا گھروں کو بھی بند کر دیا۔ آسٹریلیا اور تھائی لینڈ میں پہلی ہلاکت اور ارمینیا میں مہلک وائرس سے پہلے کیس کی بھی تصدیق ہوئی۔


متعلقہ خبریں