تفتان بارڈر تک چلنے والی چار ٹرینیں معطل


کراچی: ایران میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان نے تفتان بارڈر تک چلائی جانے والی چار ٹرینوں کو معطل کردیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرینیوں کو فی الحال آئندہ کسی فیصلے تک بند رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے تفتان جانے والی اور واپسی کی ٹرینیں سرحد کھلنے تک بند رہیں گی۔

انہوں نے سامان بک کرانے والوں سے درخواست کی کہ اسے واپس اٹھالیں۔

یہ بھی پڑھیں ایرانی نائب وزیر صحت بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

دوسری جانب معاون خصوصی صحت ظفر مرزا نے پاکستان میں موذی وائرس سے ہلاکتوں کو چھپانے کے تاثر کو رد کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ائیرپورٹس پر ایران، چین اور دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ ہوتی ہے۔

ایران میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد سو بستروں پر مشتمل خیمہ نما اسپتال نے تفتان میں کام شروع کر دیا ہے۔

پاک ایران بارڈر چوتھے روز بھی بند ہے تاہم پاکستان میں پھنسے درجنوں کنٹینرز کو ایران جانے کی اجازت دی گئی۔

کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دو مارچ کو 23 ممالک کے سائنسدان کراچی میں سر جوڑیں گے۔

یہ بھی پڑھیں کوروناوائرس کے سبب عالمی سطح پر معاشی تباہی کا خدشہ

ادھر حکام کے مطابق چین سے پھیلنے والے جان لیوا وائرس کورونا سے چین میں ہونے والے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 718 ہو گئی جبکہ اب تک 78 ہزار 190 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

چینی حکام نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد میں سے 29 ہزار 775 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

جنوبی کوریا میں بھی کورونا وائرس سے متاثر ایک شخص دم توڑ گیا جس کے بعد جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 12 ہو گئی۔ اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 11 ہو گئی۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 2 ہزار 764 ہو گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار 997 تک پہنچ گئی۔


متعلقہ خبریں