متروکہ وقف املاک بورڈ میں جعلی ڈگریوں پر بھرتیوں کا انکشاف


لاہور: متروکہ وقف املاک بورڈ میں جعلی ڈگری پر بھرتییوں کا انکشاف ہوا ہے، جعلی ڈگری ثابت ہونے کے پر برخاست کیے گئے اسسٹنٹ سیکیورٹی آفیسر نے عہدے کا چارج نہیں چھوڑا ہے۔

ہم نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق جعلی ڈگری ثابت ہونے پر اسسٹنٹ سیکیورٹی آفیسر ملک زاہد امجد کو تین سال قبل عہدے سے ہٹادیا گیا تھا لیکن انہوں نے ابھی تک عہدہ نہیں چھوڑا ہے۔

مزید پڑھیں: متروکہ املاک کی جائیداوں پر کاروباری لیز سے متعلق عائد پابندی ہٹانے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق اے ایس او ملک زاہد امجد کے خلاف شروع انکوائری کو تین سال گزر گئے ہیں لیکن ابھی تک ان کے خلاف کوئی فیصلہ نہ ہوسکا ہے۔

ہم نیوز نے جعلی ڈگری کے حوالے سے جاری لیٹر اور تین سال پہلے برخاست کرنے کا لیٹر حاصل کرلیا ہے، جس کے مطابق اسسنٹ سیکیورٹی آفیسر ملک زاہد نے ایل ایل بی کی جعلی ڈگری ملازمت کےلیے جمع کرائی تھی۔

دستاویزات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی نے ملک زاہد امجد کی ایل ایل بی کی ڈگری بوگس قراردیکر رپورٹ محکمہ کو بھجوا دی تھی۔

رابطہ کرنے پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر نے کہا کہ ملک امجد زاہد کی جعلی ڈگری پر انکوائری کافی عرصہ سے التوا کا شکار رہی ہے۔ بورڈ کے سیکرٹری نہ ہونے کی وجہ سے انکوائری التوا کا شکار رہی ہے۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے سے جعلی ڈگری والوں کو نکالنے کا فیصلہ، تفصیلات طلب

چیئرمین بورڈ نے کہا کہ ملک زاہد کے علاوہ اور بھی ملازمین جعلی ڈگریوں پر بھرتی ہوئے ہیں جن کی چھان بین کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک زاہد امجد کی انکوائری کے لیے آفیسر کو انکوائری فائنل کرنے کیلئے تین دن کا وقت دیا گیا ہے۔

رابطہ کرنے پر ملک زاہد امجد نے دعویٰ کیا کہ مجھے دفتر کے کچھ  لوگ  بلیک میل کرنے کی کوشش کررہےہیں۔ میری ڈگری کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، میں نے ان لوگوں کے خلاف ڈپٹی سیکرٹری کو درخواست دی ہے۔


متعلقہ خبریں