اسلام آباد: پاکستان نےرعد 2 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو فضا سے زمین اور سمندر پر مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق رعد دوئم 600 کلومیٹر کے فاصلے پر اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی اسٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔ چیئرمین نیسکام ڈاکٹرندیم حیات ملک سمیت دیگراعلیٰ حکام نے بھی تجربے کامشاہدہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا غزنوی میزائل کا کامیاب تجربہ
لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج کا کہنا تھا کہ کامیاب میزائل تجربے سے پاکستان نے ایک اوراہم سنگ میل عبورکرلیا ہے۔
صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسزچیفس نے کامیاب تجربے پرسائسندانوں اور انجینئرز کومبارکباد دی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے رعد دوئم کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین مبارکباد دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہین ون میزائل کا کامیاب تجربہ
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین نے ایک مرتبہ پھر اپنی بے مثال صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ہمیں پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے وطن کے بیٹوں پر فخر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے۔ رعد ٹو کروز میزائل پاکستان کے دفاعی نظام میں ایک اور شاہکار کا اضافہ ہے۔
خیال رہے کہ چار ہفتے قبل پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بلیسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا تھا جس کی رینج 290 کلومیٹر ہے۔ غزنوی میزائل مختلف قسم کے وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس سے قبل پاکستان نے شاہین ون میزائل کا میاب تجربہ بھی کیا تھا۔ شاہین ون 650 کلومیٹر کے فاصلے پر دشمن کو نشانہ بنا سکتا اور ہرقسم کے وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔