لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے بے آسرا اور محرومیوں کے شکار بچوں کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد سے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ بچوں کی تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
عمران خان نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، مستقبل کے معماروں پر سرمایہ کاری اور ان کی بہتر نشوونما سے ہی ملک و قوم کی پائیدارترقی ممکن ہو گی۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد نے وزیراعظم کو بچوں کے حقوق کےتحفظ کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
مزید پڑھیں: بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات اور حکومتی اقدامات
وزیراعظم عمران خان نے چیرپرسن سارہ احمد کے پچھلے ایک سال کے دوران کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ بے آسرا اور محرومیوں کا شکار بچوں کے تحفظ اور انکو تعلیم و صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی پر بھرپور توجہ دی جائے۔
وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے بچانے اور ان کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے ہر ممکنہ اقدام اٹھایا جائے۔
وزیراعظم سے ملاقات کے دوران سیکرٹری سوشل ویلفیئر خیبر پختونخواہ محمد ادریس بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ساحل کے مطابق پاکستان میں ہر روز گیارہ بچے جنسی زیادتی کا نشانہ بنتے ہیں۔
مزید پڑھیں: بچوں سے زیادتی، لاہور پہلے نمبر پر
پاکستان میں 450 سے زائد این جی اوز پر مشتمل نیٹ ورک چائلڈ رائٹس موومنٹ(سی آر ایم) کی جانب سے بھی بچوں کیساتھ جنسی کے زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان میں بچوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مجرمان کو سرعام پھانسی کی قرارداد قومی اسمبلی سے کثرت رائے سے منظور ہوگئی تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے حکم دیا تھا کہ بچوں کیساتھ جنسی زیادتی کرنے والوں کے لیے سرعام پھانسی کا قانون لایا جائے۔