کے پی کابینہ میں اختلافات، روڑے اٹکانے والے وزراء کیخلاف چارج شیٹ تیار


پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کے امور میں روڑے اٹکانے والے کابینہ وزراء اور ارکان اسمبلی کیخلاف چارج شیٹ تیار کرلی گئی ہے جو جلد وزیراعظم کو پیش کردی جائے گی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ میں اختلافات کے معاملے پر وزیراعلیٰ محمود خان نے وزیراعظم عمران خان سے شکایت لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان جلد وزیراعظم عمران خان کو وزراء اور ارکان اسمبلی کیخلاف چارج شیٹ پیش کریں گے۔

وزیراعلئ ہاوس ذرائع کے مطابق چارج شیٹ میں وزراء اور ارکان اسمبلی کی جانب سے انتظامی عہدوں پر ذاتی ملازموں اور منظور نظر لوگوں کی تعیناتیوں کے حوالے سے ثبوت شامل کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزراء کی جانب سے فلیگ شپ منصوبوں کو پس پشت ڈال کر حکومت کو ناکام بنانے کا ذکر بھی چارج شیٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس ذرائع کا کہنا ہے چارج شیٹ میں وزرا  پر منتخب قریبی رشتہ داروں کو کابینہ میں شامل کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کے الزامات بھی شامل ہیں۔

دریں اثناء وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے کسی کے خلاف چارج شیٹ تیار نہیں کی ہے۔

خیبر پختونخواہ کابینہ میں اختلافات کے حوالے سے اپنا موقف دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معمول کے مطابق وزیراعلیٰ وزیراعظم سے ملاقات میں وزرا اور محکموں کے بارے میں بریف کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے چارج شیٹ تیاری ککرنے کی خبروں کی تردید کرتا ہوں۔

وزیراطلاعات خیبر پختونخواہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے کسی کے خلاف شکایت کی اور نہ ہی چارج شیٹ تیار کی ہے۔ حکومت یا وزیراعلیٰ کے خلاف کوئی گروپ نہیں بنا ہے۔


متعلقہ خبریں