کراچی: کاروباری ہفتے کے چوتھے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 10 پیسے مزید کم ہوگئی ہے یہ کئی ماہ کی نچلی ترین سطح پر آگیا۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں آج ڈالر 154.80 روپے میں فروخت ہوا جو کہ گزشتہ روز 154.90 روپے میں دستیاب تھا۔
اسی طرح انٹر بینک میں ڈالر آج 154.70 روپے میں فروخت ہوا۔ گزشتہ سال جون سے لیکر اب تک اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں نو روپے 20 پیسے کمی ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کے آغاز میں ڈالر کی قیمت مسلسل بڑھتی رہی، جنوری میں ڈالر 138 روپے93 پیسے، فروری میں 138 روپے 90 پیسے اور مارچ میں 139 روپے10 پیسے تک پہنچ گیا۔
اپریل 2019 میں ڈالر نے بڑی چھلانگ لگئی اور 141 روپے 50 پیسے پر آ گیا۔ مئی میں اس کی قیمت میں تاریخ کا ایک بڑا اضافہ دیکھا گیا اور یہ 151 روپے تک پہنچ گیا۔
جون میں ڈالر نے تمام ریکارڈ توڑ دیے اور تاریخ کی بلند ترین سطح 164روپے پر پہنچ گیا۔
جولائی 2019 میں ڈالر کی اڑان رک گئی اور ڈالر کمی کے بعد انٹربینک میں 160 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 161 روپے کا ہوگیا۔
اگست 2019 میں روپے نے ڈالر کا جم کر مقابلہ کیا اور ڈالر 157.20 روپے تک پہنچ گیا۔ ستمبر 2019 کے اختتام پر ڈالر کی قیمت میں مزید کمی واقع ہوئی اور یہ 156.40 روپے پر پہنچ گیا۔
اکتوبر 2019 کے اختتام پر روپے کی قدر مزید بہتر ہوئی اور ڈالر کی قیمت 155.70 روپے رہ گئی۔ نومبر2019 کے اختتام پر ڈالرکی قیمت خرید 155.25 اور قیمت فروخت 155.65 تھی۔ گزشتہ چھ ماہ سے ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی دیکھنے میں آرہی ہے اور اس دوران 9 روپے کی کمی آئی۔