’بھارت مقبوضہ کشمیر میں ذرائع مواصلات کو بحال کرے‘


اسلام آباد: پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی سلوک بند کرے اور 172 دن سے بند ذرائع مواصلات کو بحال کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں بھارت نے چار نہتے کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے ڈوڈہ اور شوپیاں میں چار کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہم مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیریوں کی مشکلات کو دنیا بھر مین تسلیم کیا جا رہا ہے۔ کشمیر کی صورتحال پر دنیا بھر میں بات کی جارہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بھارت سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

عائشہ فاروق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کیا جارہا ہے۔ کشمیر پر صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کو خوش آئند سمجھتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ کشمیریو ں کا دنیا سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ذرائع مواصلات کو بحال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہاکستان بھارتی چیف آف ڈیفنس کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کرتا ہے۔ بھارتی وزیر دفاع کا بیان ان کی حکومت کی مشتعل سوچ کا عکاس ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے معاملہ پر وزیراعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ کے درمیان درمیان گفتگو ہوئی۔ پاکستان ایف اے ٹی ایف ممبران سے رابطے میں ہے۔ پاکستان اپنے اقدامات جاری رکھے گا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے میزائل سسٹم کی خریداری سے خطے میں عدم استحکام آسکتا ہے۔ میزائل ڈیفنس سسٹم کی تنصیب سے پوری میں دنیا میں تشویش پائی جاتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تائیوان چین کا اندرونی مسئلہ ہے۔ ہم ایک چین پر یقین رکھتے ہیں اور تائیوان چین کا حصہ ہے۔

پاکستان بھارت کی جانب سے اقلیتون کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک میں پاکستانی شہریوں کو ملوث کرنے کی بھارتی کوششوں کی مذمت کرتا ہے۔ اس معاملے ہر بھارتی سفارتی اہلکار کو بلا کر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان میں بھارت کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کہ لائن آف کنٹرول پر جبگ بندی کی خلاف ورزی پر بھی احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکی ڈپٹی پرنسپل سیکریٹری ایلس ویلز پاکستان کے دورے پراسلام آباد آئیں۔ دو روز قبل ایلس ویلز کی سیکریٹری خارجہ سے ملاقات ہوئی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایلس ویلز کی پاکستانی حکام سے بات چیت میں افغانستان میں مفاہمتی و امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان نے بات چیت کے ذریعے مسٗلہ افغانستان کا حل تلاش کرنے کا اپنا موقف دہرایا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کی اور فورم کی سائیڈ لائنز پر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔


متعلقہ خبریں