لاہور: پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) حملہ کیس کی انکوائری رپورٹ میں پولیس کے دو سینئر افسران کو غفلت پرتنے کا ذمہ دار قرار دے دیا گیا۔
ہم نیوز کے مطابق رپورٹ ایس ایس پی اپریشنز محمد نوید اور ایس پی سول لائنز دوست محمد کھوسہ سیکیورٹی فراہم کرنے میں غفلت پرتنے کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں پولیس افسران کی غفلت اور نااہلی کے باعث سانحہ پی آئی سی رونما ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایس پی سول لائنز دوست محمد کھوسہ وکلا ریلی کے دوران موقع پر ہی نہ پہنچ سکے تھے جبکہ ایس ایس پی اپریشنز محمد نوید موقع پر پہنچ کر بھی کوئی فیصلہ نہ لے سکے۔
ذرائع کے مطابق دونوں پولیس افسران کے خلاف رپورٹ کی روشنی میں آئندہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کارروائی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے احکامات پر آئی جی پنجاب نے سانحہ پی آئی سی کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی تھی۔ ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر کی سربراہی میں بننے والی ٹیم نے رپورٹ تیار کی ہے۔
ذرائع کے مطابق سانحہ پی آئی سی کی رپورٹ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوائی گئی۔