عمان کے سلطان قابوس 79 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں جس پر وزیراعظم پاکستان عمران خان اظہار تعزیت کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عمان کے سلطان بصیرت رکھنے والے انسان تھے جنہوں نے اپنے ملک کو متحرک اور جدید ریاست میں تبدیل کیا۔
عمران خان نے کہا کہ عمان نے ایک محبوب قائد کو اور پاکستان نے قریبی قابل اعتماد دوست کو کھو دیا، اللہ تعالیٰ سلطان قابوس کو جنت میں اعلیٰ مقام دے۔
اومان کےسلطان قابوس طویل عرصےسےعلیل تھے۔ وہ اومان کی غیرجانبدار خارجہ پالیسی کے حوالے سے مشہور تھے۔ وہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے بھی کوششوں میں پیش پیش رہے۔
سلطان قابوس نے1970میں تخت سنبھالا اور ان کی قیادت میں عمان نے ترقی کی نئی منزلیں طے کیں۔
سلطان قابوس نے 1960 میں برٹش رائل ملٹری اکیڈمی میں دو سال تربیت کے بعد سیکنڈ لیفٹیننٹ کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے مزید عسکری تربیت حاصل کرنے کے لئے 6 ماہ جرمنی میں خدمات انجام دیں۔
سیاسی و انتظامی تربیت کے لئے 1964تک برطانیہ میں بھی قیام کیا۔ انہوں نے دو شادیاں کی تھیں تاہم وہ اولاد سے محروم رہے۔ ان کا کوئی بھائی نہیں البتہ ایک بہن ہے۔
سلطان کے انتقال کے بعد شاہی خاندان نے 3 روزمیں جانشین کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔ بصورت دیگر جانشین کا چناؤ کونسل اورعدالت فیصلہ کرتی ہے۔
جانشین کا چناؤ کرنے کےلیےعہدے داروں کا نام سلطان قابوس نے تجویز کیا تھا۔ بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہیثم بن طارق عمان کے نئے سربراہ منتخب ہوئے ہیں۔