سیلیکٹڈ وزیراعظم کے دن پورے ہوگئے، آئندہ سال انتخابات کا ہے: ایاز صادق

Ayaz Sadiq , Speaker of the National Assembly

Ayaz Sadiq


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ سیلیکٹڈ وزیراعظم استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ متحدہ اپوزیشن میں دراڑ ڈالنے کی بہت کوشش ہوئی لیکن اپوزیشن متحد ہے اور توڑنے کی ہر سازش ناکام بنا چکی ہے۔

اب سڑکیں بند نہیں ہوں گی، عوام کو مشکلات پیش آرہی ہیں، مشترکہ جلسے کرینگے، رہبر کمیٹی

ہم نیوز کے مطابق وہ متحدہ اپوزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین نے اس موقع پر حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔

وزیراعظم عمران خان کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق نے کہا کہ پرسوں عمران نیازی نے کہا کہ انہوں نے نواز شریف پر رحم کھایا تو میں انہیں بتادوں کہ رحم صرف اللہ تعالیٰ کی ذات کھا سکتی ہے۔ انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیازی صاحب! خدا بننے کی کوشش نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اللہ تعالی کے فیصلے ہیں آپ کے نہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ آپ کون ہوتے ہیں چھوڑنے والے؟

ہم نیوز کے مطابق انہوں ںے کہا کہ آج کے احتجاجی مظاہرے کا فیصلہ رہبر کمیٹی نے کیا تھا اور متحدہ اپوزیشن آئندہ مزید ایسے جلسے و جلوس کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2014 میں ایک دھرنی ہوئی تھی جس میں رات میں گانا بجانا ہوتا تھا ور پھر لوگ گھر چلے جاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن نے کراچی سے اسلام آباد تک تاریخی لانگ مارچ کیا اور پھر اسلام آباد میں دھرنا دیا جو نظم و ضبط کے لحاظ سے مثالی تھا۔

پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما نے کہا کہ اس وقت بے روزگاری و مہنگائی عروج پر ہے اور لاکھوں لوگوں کی ملازمتیں چلی گئی ہیں۔ انہوں نے متنبیہ کیا کہ اگر یہی حالات برقرار رہے تو مزید نوکریاں چلی جائیں گی۔

جذبہ رحم دلی کے تحت نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی، عمران خان

سردار ایاز صادق نے کہا کہ 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والوں نے غریبوں کے گھر گرا دیے جب کہ اپنا گھر ریگو لرائز کرالیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران نیازی نے کشمیر کا سودا کیا اور باہر جا کر لیڈران سے ملے تک نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ نے اداروں کی بدنامی کی ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ اگر حکمراں یہ سوچتے ہیں کہ اپوزیشن رہنماؤں کو جیلوں میں ڈال کر ہمارے حوصلوں کو توڑ دیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک نواز شریف کے خلاف ایک روپے کی بدعنوانی ثابت نہیں ہوئی ہے۔

مظاہرین کو مخاطب کرتے ہوئے پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما نے کہا کہ انتخابات کی تیاری کرلیں، آئندہ سال کے شروع میں انتخابات ہونے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سیلیکٹڈ وزیراعظم کے دن پورے ہوگئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق جے یو آئی (ف) کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ نا اہل حکومت نے غریبوں سے دو وقت کی روٹی چھین لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت آمریت سے بھی بدتر ہے۔

انہو ںے دعویٰ کیا کہ اسلام آباد میں ہمارے اجتماع سے حکومت ہل گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب حکومت کے اتحادیوں نے بھی تحفظات کا اظہار کرنا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مستقل چھٹی ہونے والی ہے۔

ہواؤں کا رخ بدل رہا ہے، دوسرے محاذ کی طرف جا رہے ہیں، چیئرمین نیب

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ عمران خان اب مزید مسلط نہیں رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی جدوجہد کے نتیجے میں فضائیں بدل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد سلیکٹڈ اور نااہل وزیراعظم سے قوم کی جان چھوٹنے والی ہے۔


متعلقہ خبریں