اسلام آباد : نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے منگل کے روز بجلی پید اکرنے والی سرکاری کمپنیوں کی مجموعی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔
نیپرا دستاویز کے مطابق سرکاری کمپنیاں مقررہ وقت سے زیادہ عرصہ تک بند رہنے سے قومی خزانے کو 64 ارب 62 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔
سرکاری دستاویز کے مطابق مقررہ وقت سے زائد عرصہ بند رہنے کے باعث 9 ارب 37 کروڑ یونٹس بجلی پیدا نہ کی جاسکی۔
نیپرا دستاویز کے مطابق جنکو ون (جام شور پاورکمپنی) نے قومی خزانے کو 19 کروڑ کا نقصان پہنچایا ہے۔ جنکو ٹو(سینٹرل پاور جنریشن ) نے 48 ارب کا قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ جنکو تھری (نادرن پاور جنریشن) نے قومی خزانے کو 15 ارب سے زائد کا چونا لگایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیپرا نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی منظوری دے دی
نیپرا رپورٹ کے مطابق سرکاری پیداواری کمپنیوں کی سٹینڈ بائی موڈ پر رہنے کا دورانیہ بھی تشویشناک رہا۔ سرکاری کمپنیاں 2016 سے 2018 کے دوران اپنی پوری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کرنے میں ناکام رہیں۔
نیپرا دستاویز کے مطابق دو سال میں سرکاری کمپنیوں نے صلاحیت سے کم بجلی پیدا کر کے قومی خزانے کو چار ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا ہے۔