علاج آصف علی زرداری کا بنیادی حق ہے، شہباز شریف

فوٹو: فائل


لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ علاج آٓصف علی زرداری کا بنیادی، قانونی اور انسانی حق ہے۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق صدر آصف علی زرداری کی شدید علالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے لکھا کہ حکومت آصف علی زرداری کے قانونی حقوق پورے کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے کیونکہ علاج آصف زرداری کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوران قید علاج معالجہ فراہم نہ کرنا سیاسی انتقام نہیں تو اور کیا ہے؟ شہباز شریف نے سابق صدر  کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آصف زرداری کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔

یہ بھی پڑھیں آصف زرداری کے لیے پرائیوٹ میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا مطالبہ

دوسری جانب سے آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ چھ ماہ ہو گئے اور میرے والد کو ان کے ڈاکٹرز تک رسائی نہیں دی گئی۔ حکومت جان بوجھ کر اپنے ہی سرکاری ڈاکٹروں کی میڈیکل رپورٹ کی معلومات فراہم نہیں کر رہی۔

انہوں نے  کہا کہ صدر آصف زرداری ریڑھ کی ہڈی کے مسائل کے ساتھ ذیابیطس سے متاثرہ دل کے مریض ہیں اور ہمیں آصف زرداری کی صحت کے حوالے سے خدشات لاحق ہیں۔ ہم عدالت جائیں گے تاکہ ذاتی معالجین کو آصف علی زرداری کے علاج کے لیے رسائی دی جائے۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اس وقت اسلام آباد کے پمز اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں انہیں دو ہفتے قبل منتقل کیا گیا تھا۔ سابق صدر کو دل کے عارضہ سمیت مختلف امراض لاحق ہیں۔


متعلقہ خبریں