لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد مارچ میں ناکامی کی وجہ سے اپنا بوری بستر باندھ چکے ہیں۔
صدر پی ٹی آئی مرکزی پنجاب اعجاز چوہدری نے مولانا فضل الرحمان کے خطاب کے بعد کہا کہ عام انتخابات میں عوام کی جانب سے مسترد شدہ فضل الرحمان چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنا چاہتے تھے۔ مولانا فضل الرحمان کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے یہ پرانی تنخواہ پر ہی کام کرتے رہیں گے۔
انہوں ںے کہا کہ سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان ملک دشمن ایجنڈے اور اپنے ناپاک عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے۔ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کا مقصد صرف کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا تھا۔
یہ بھی پڑھیں ہم ڈٹے ہوئے ہیں حزب اختلاف ہمارے ساتھ ہے، مولانا فضل الرحمان
اعجاز چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جتنی مرضی ڈرامے بازی کر لیں ملک کی باشعور 22 کروڑ عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ مولانا فضل الرحمان بھارت اور مودی کی ترجمانی کر کے بے نقاب ہو چکے ہیں۔
اس سے قبل مولانا فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ اپوزیشن نے جے یو آئی ف کو تنہا نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی کمزور پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان خطے میں تنہائی کا شکار ہو رہا ہے اور ہمیں پاکستان کو تنہائی سے نکالنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مخالف تمام افواہیں آج دم توڑ گئی ہیں۔ ہم نے جو آواز بلند کی وہ پوری قوم کی آواز ہے اور ہم مقصد کے حصول کے قریب ہوتے جا رہے ہیں۔ تمام قیادت نے کہا ہے اس اجتماع کے اٹھنے کا فیصلہ متفقہ کریں گے۔