تیز گام ایکسپریس حادثہ، ن لیگ کا اسلام آباد جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان

حکومت بتائے کہ پہلے جھوٹ کیوں بولا؟مریم اورنگزیب کا استفسار

اسلام آباد: تیز گام ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کے باعث مسلم لیگ نواز نے آج اسلام آباد میں حکومت مخالف جلسے کو ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق اسلام آباد میں آزادی مارچ کا جلسہ اب جمعے کو ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے کی وجہ سے متحدہ حزب اختلاف نے آج جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم ان کی پارٹی کے تمام قافلے آج اسلام آباد میں ہی قیام کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کل جمعے کی نماز کے بعد جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔

فضل الرحمان کی تردید

تاہم ن لیگ کے اعلان کے کچھ دیر بعد ہی مولانا فضل الرحمان نے جلسہ ملتوی کرنے کی تردید کردی اور کہا کہ تمام قافلے اپنے وقت اور ترتیب کے مطابق پہنچیں گے۔

گوجر خان میں خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جذبے کا مقابلہ حکومت نہیں کرسکتی کیوں کہ میرے ساتھ نوجوان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ آزادی مارچ پاکستان کی تقدیر بدل دے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آزادی مارچ منظم طریقے سے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرین حادثے کی اطلاع ملی اور اس کا بہت دکھ ہے۔

دوسری جانب پارٹی کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے بھی جلسہ ملتوی کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کارکنان اسلام آباد میں ہی قیام کریں اور کل جلسے میں بھرپور شرکت کریں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ٹرین کے اندوہناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر جلسہ مؤخر کیا گیا، متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے آج اسلام آباد آنے کا اپنا منصوبہ بھی ملتوی کردیا ہے۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق ٹرین حادثے میں اب تک 70 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، متعدد زخمی ہیں جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فوج کے جوان اور ہیلی کاپٹر بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

حادثہ میں متاثرہ زخمیوں کو ٹی ایچ کیو لیاقت پور، آر ایچ سی چنی گوٹھ اور بہاولپور وکٹوریہ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

تینوں بوگیاں کراچی سے بک کی گئی تھیں جن میں رائے ونڈ اجتماع میں آنے والے مسافر سوار تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بوگی نمبر تین میں ناشتہ بنانے کے دوران گیس کا سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر دو بوگیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔


متعلقہ خبریں