آصف زرداری کے لیے پرائیوٹ میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا مطالبہ

آصف زرداری کے لیے پرائیوٹ میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا مطالبہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر پاکستان پیپلزپارٹی نے پرائیوٹ میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے لیے متعلقہ حکام کو باقاعدہ درخواست دے دی ہے۔ درخواست ایک خط کی صورت میں دی گئی ہے جو حکام کو بھیج دیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پی پی پی کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی نے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا مطالبہ سرکاری ڈاکٹرزپر مشتمل میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں کیا ہے۔

آصف زرداری کی حالت بھی تشویشناک، رپورٹ وزارت صحت کو بھجوا دی

پی پی پی کے ذرائع کے مطابق سرکاری ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے نشاندہی کی ہے کہ سابق صدر کی شریانوں میں خون کا جمنا ان کی زندگی کے لیے خطرناک ہے جب کہ ان کا شوگر لیول بھی مسلسل اوپر نیچے ہورہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر لیول کا کنٹرول نہ ہونا بھی پارٹی کے شریک چیئرمین کی زندگی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پی پی پی کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ڈاکٹروں پر مشتمل بورڈ نے اپنی رپورٹ میں ہڈیوں کی اس بیماری کا ذکر کیا ہے جو جیل میں مناسب بستر نہ ملنے کی وجہ سے سابق صدر کو لاحق ہوئے ہیں جب کہ آرتھو بیرنگ نہ ملنے کی وجہ سے آصف زرداری کی کمر کا دیرینہ مرض بھی شدت اختیار کر گیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے لکھے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ڈاکٹروں پر مشتمل بورڈ نے نیورولاجسٹ کی مدد لینے کا بھی عندیہ دیا ہے تاکہ غیرمعمولی جھٹکوں کا علاج ممکن بنایا جا سکے۔

متعلقہ حکام کو بھیجے جانے والے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ علاج معالجے کی مناسب سہولتیں ملنا ہر شخص و قیدی کا بنیادی حق ہے کیونکہ قانون ہر شخص و قیدی کے علاج معالجے کی ضمانت دیتا یے۔

نواز شریف کی صحت: عالمی ممتاز طبی ماہرین سے مشاورت کرنے کا فیصلہ

پی پی پی کی جانب سے لکھے جانے والے خط میں واضح کیا گیا ہے کہ سابق صدر پاکستان کے علاج کا مطالبہ کوئی رعایت نہیں ہے بلکہ قانونی حق ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پارٹی نے لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ خاندان اورپی پی پی کے اطمینان کے لیے پرائیوٹ ڈاکٹروں اور ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔


متعلقہ خبریں