خواتین کی صلاحیتیں یا ان کی قابلیت کوئی اچنبھے کی بات نہیں۔ ماضی ہو یا آج ، ضرورت اور موقع کی بنیاد پرعورت نے ہر میدان میں اہلیت اور لیاقت کے جوہر دکھائے ہیں۔
مصنوعات کی فروخت ہو یا ٹیکنالوجی میں نئی ایجاد، صنف نازک ہر شعبے میں کامیاب ہے۔ ذیل میں ہم نیوز نے کچھ ایسے اداروں کا جائزہ لیا ہے جن کی کامیابی خواتین کی مرہون منت ہے۔
فلیکر:
35 سالہ آرٹ ڈائریکٹر کترینہ فیک نے 2002 میں تصویریں شئیر کرنے والی ویب سائٹ ‘فلیکر’ بنائی۔
‘فلیکر’ نامی ویب سائٹ کترینہ فیک نے اپنی ایجاد کردہ ایک گیم کے لئے بنائی تھی۔
گیم کی ناکامی کے باوجود تصویریں شئیر کرنے کی ٹیکنالوجی کا ڈیزائن مارکیٹ میں کامیاب ہوگیا۔
2005 میں کترینہ فیک اور ان کے خاوند نے ‘فلیکر’ 35 کروڑ ڈالر میں ’یاہو‘ کو فروخت کر دی۔
دی باڈی شاپ:
1976 میں ہوٹل اور ریسٹورنٹ کے بزنس میں ناکامی کے بعد انیتا روڈڈیک نے انگلینڈ میں’دی باڈی شاپ’ کے نام سے کاروبار شروع کیا۔
باتھ اینڈ بیوٹی پروڈکٹس کے کاروبار نے اس قدر شہرت حاصل کی کہ ‘دی باڈی شاپ’ کے اسٹورز دنیا بھر میں کھل گئے۔
30 سال بعد 2006 میں انیتا روڈڈیک نے اپنی کمپنی ڈیڑھ ارب ڈالر میں مشہور برینڈ لورئیل کو بیچ دی۔
آج ‘دی باڈی شاپ’ کے 61 ممالک میں 2500 سے زائد اسٹور ہیں۔
سلائیڈ شئیر:
2006 میں رشمی سنہا نامی خاتون نے جوناتھن بؤٹیلے کے اشتراک سے انٹرنیٹ صارفین کو پریزینٹیشن شئیر کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کیا۔
رشمی سنہا اعصابی نفسیات (نیورو سائیکالوجی) میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد ایک امریکی لیبارٹری میں کام کرتی تھیں۔
لیبارٹری میں ایک سائنس دان کے طور پر کام کرتے ہوئے ان میں ویب ٹیکنالوجی کا شوق پیدا ہوا۔ جس کے بعد انہوں نے کمپیوٹر کورسز کئے اور بالاخر سلائیڈ شئیر نامی ویب سائٹ بنا ڈالی۔
2013 میں رشمی سنہا کی ویب سائٹ کو پروفیشنل سوشل نیٹ ورک کی کمپنی لنکڈان نے 11 کروڑ ڈالر میں خرید لیا۔ آج دنیا بھر میں سلائیڈ شئیر کو ڈیڑھ کروڑ سے ذائد رجسٹرڈ صارفین استعمال کرتے ہیں۔
اربن ڈیکے:
1996 میں ماڈلنگ، مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ میں قسمت آزمانے کے بعد وینڈی زومنر نے سینڈی لرنر کے اشتراک سے اربن ڈیکے کی بنیاد رکھی۔
90 کی دہائی میں اربن ڈیکے نے فیشن کی دنیا میں دھوم مچا دی۔
لپ سٹک، نیل پالش کےعلاوہ نیکیڈ کی بلش آن اور آئی شیڈو کی کٹ میک اپ کرنے والی خواتین کی پہلی پسند بن گئی۔
2012 میں وینڈی زومنر کے برینڈ کو قریباً 35 کروڑ ڈالر میں لورئیل نے خرید لیا۔
گزشتہ سال ایک تحقیقی ادارے کے مطابق اربن ڈیکے کا شمار دنیا کی تین بڑی میک اپ کی کمپنیوں میں کیا جاتا ہے۔
ہوڈا بیوٹی:
2010 میں ہوڈا بیوٹی کے نام سے بیوٹی اور میک اپ پر بلاگ لکھنے والی ہوڈا کٹان نے 2013 میں اپنے نام سے برینڈ لانچ کیا۔
ہوڈا بیوٹی نے نقلی پلکیں بیچنےسے شروعات کیں اور جلد ہی مقبولیت حاصل کرلی۔
بعد ازاں کمپنی نے نقلی ناخن، لیکویڈ لپ اسٹک اور فاؤنڈیشن بھی مارکیٹ میں متعارف کروائے۔
2017 میں فاربس میگزین نے ہوڈا بیوٹی کو دنیا کی دس بڑی موثر کمپنیوں میں سے ایک قرار دیا۔