جہازوں میں نصب ‘بلیک باکس’ کیا ہے؟


اسلام آباد: ہوائی جہازوں میں نصب بلیک باکس کسی بھی طیارے کے حادثے کے بعد انتہائی اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔ اس آلے سے ملنے والی اہم تکنیکی معلومات حادثے کی تفتیش میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

بلیک باکس اس نارنجی یا لال رنگ کے آلے کو کہتے ہیں جو پرواز کی تمام معلومات کا ریکارڈ رکھتا ہے۔

بلیک باکس میں موجود وائس ریکارڈر(سی وی آر) میں دوران پرواز کاک پٹ میں ہونے والی گفتگو کا ریکارڈ موجود ہوتا ہے۔ ریڈیو نشریات سمیت عملے کی گفتگو اور انجن کا شور بھی اس میں ریکارڈ ہوتا ہے۔

سی وی آر کو عام طور پر فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر نامی دوسرے آلے کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔

فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر (ایف ڈی آر) بلیک باکس میں موجود ایک چھوٹا کمپیوٹر ہوتا ہے۔ اس ریکارڈر سے پرواز کی رفتار، پوزیشن اور اونچائی کے بارے میں تفصیلات ملتی ہیں۔ہوابازوں کا مددگار یہ آلہ تین تہوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ یہ تین تہیں فلائٹ ڈیٹا ریکارڈ اور کاک پٹ وائس ریکارڈ کو تباہ ہونے سے بچاتی ہیں۔

ایف ڈی آر اور سی وی آر کو بنانے میں پاور سپلائی، میموری یونٹ، الیکٹرونک کنٹرولر بورڈ سمیت مختلف آلات کا استعمال کیا جاتا ہے۔دونوں ریکاڈرز دوہری وولٹیج کی پاؤر سپلائی (115 اے سی اور 28 ڈی سی) پر چلتے ہیں۔ ریکارڈرز میں نصب  بیٹریاں ایک ماہ تک مسلسل کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

میموری یونٹ ڈیزائن کرتے وقت اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ اس میں 25 گھنٹے تک کی پرواز کا ڈیجیٹل ڈیٹا محفوظ رہ سکے۔

بلیک باکس کو محفوظ رکھنے کےلئے طیارے کے پچھلے حصہ میں نصب کیا جاتا ہے کیونکہ حادثے کی صورت میں طیارے کا پچھلا حصہ عموماً محفوظ رہتا ہے۔طیارے کو پیش آنے والے کسی بھی حادثے کی صورت میں بلیک باکس محفوظ رہتا ہے۔ باکس کو معائنے کے لئے سیل بند شکل میں متعلقہ ادارے بھیجا جاتا ہے۔

ایوی ایشن (ہوابازی) صنعت کے آغاز سے ہی جہازوں میں بلیک باکس کا استعمال کیا جارہا ہے۔ رائٹ برادران دنیا کی پہلی پرواز میں بھی ایک فلائٹ ریکارڈر ساتھ لے گئے تھے تاہم اس کی صلاحیت خاصی کم تھی۔

آسٹریلوی سائنس دان ڈیوڈ وارن نے 1956 میں برسوں سے استعمال ہونے والے بلیک باکس کا جدید نمونہ تیار کیا جو چار گھنٹے کی ریکارڈنگ کر سکتا تھا۔ابتدا میں ڈیوڈ وارن کی ایجاد کو پزیرائی نہ مل سکی لیکن دس سال بعد آسٹریلیا نےاس آلے کومسافر طیاروں کے لیے لازمی قراردے دیا۔

آج دنیا بھرکی کمرشل پروازوں پر فیڈرل ایوی ایشن (ایف اے اے) کی جانب سے دوران پرواز کاک پٹ میں سی وی آر اور ایف ڈی آر پر مشتمل بلیک باکس کی موجودگی لازم ہے۔


متعلقہ خبریں