آزادی مارچ: جے یو آئی (ف) کا اے پی سی کے انعقاد کا اعلان


پشاور: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے آزادی مارچ کے سلسلے میں پشاور میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔

ہم نیوز کے مطابق 19 اکتوبر کو ہونے والی اے پی سی کے لیے تمام جماعتوں سے رابطے شروع کردیے گئے۔

جنرل سیکرٹری جے یو آئی عطاالحق درویش کے مطابق اے پی سی کا فیصلہ مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ اے پی سی میں تمام جماعتوں کو اسلام آباد مارچ کےحوالے سے اعتماد میں لیا جائے گا۔

آزادی مارچ کے لئے مولانا عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں پالیسی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

دوسری جانب آزادی مارچ اور اسلام آباد دھرنے سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس جاری ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں آزادی مارچ سے نمٹنے کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان محفوظ راستہ چاہتے ہیں اور ان سے رابطے جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 23 سے 26 اکتوبر کے درمیان اچھی خبریں ملیں گی۔


متعلقہ خبریں