مولانا کی دہری پالیسی کا نوٹس لیا جائے: جیالوں کا بلاول بھٹو سے مطالبہ

مولانا کی دہری پالیسی کا نوٹس لیا جائے: جیالوں کا بلاول بھٹو سے مطالبہ

لاڑکانہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالوں نے امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کو دہری پالیسی کا حامل قرار دیتے ہوئے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا نوٹس لے۔

ہم نیوز کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری جب لاڑکانہ کے دورے کے موقع پر پارٹی کے صوبائی صدر نثار کھوڑو کی رہائش گاہ پہنچے تو وہاں موجود جیالوں نے ان کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے اور پھٹ پڑے۔

 پی ایس 11 کے ضمنی انتخابات :پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج تعینات ہوگی

جیالوں نے پارٹی قیادت سے شکوہ کیا کہ جے یو آئی (ف) ایک جانب آزادی مارچ اور دھرنے میں شرکت کے لیے پی پی پی کو دعوت دے رہی ہے جب کہ دوسری جانب وہی جماعت لاڑکانہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں ہمارے خلاف بھرپور مہم چلارہی ہے اور جی ڈی اے کے انتخابی امیدوار کی بھرپور حمایت کررہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق جیالوں نے پارٹی قیادت سے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی دہری پالیسی ہے جس کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق جیالوں نے براہ راست چیئرمین بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کی جماعت لاڑکانہ میں کھل کر جی ڈی اے کی حمایت کررہی ہے۔

‘بلاول چاہتے ہیں دھرنا مولانا دیں اور وہ بلٹ پروف گاڑی سے اتر کو کرسی پر بیٹھ جائیں’

پارٹی کے انتہائی ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ جیالوں کا مؤقف تھا کہ سندھ میں ہماری صوبائی حکومت آزادی مارچ کے شرکا کو سہولتیں دے رہی ہے جب کہ جے یو آئی لاڑکانہ ہمارے ہی خلاف سازشیں کررہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق جیالوں کے شکوے پر بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ وہ متحد و متفق ہو کر ہر قسم کی سازشوں کا مقابلہ کریں۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پارٹی جیالے کارکنان کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے ہر قسم کے اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کارکنان کو پارٹی کا اثاثہ بھی قرار دیا۔

‏مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں ہونگے اور میں پورے ملک کا دورہ کروں گا،بلاول

سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس- 11 لاڑکانہ پہ ہونے والے ضمنی انتخاب کی پولنگ 17 اکتوبر کو ہوگی۔ یہ نشست جی ڈی اے کے امیدوار معظم علی خان کی نااہلی کے باعث خالی قرار دیا گیا ہے۔

پی ایس- 11 لاڑکانہ کی نشست پرہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے جمیل احمد سومرو اور جی ڈی اے کے معظم عباسی کے درمیان ون ٹو ون اور کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔


متعلقہ خبریں