فضل الرحمان کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ


اسلام آباد: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل نے بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی کروڑوں کا بجٹ استعمال کیا اور ان کے خلاف شواہد عوام کے سامنے لائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شواہد اور ثبوتوں کی بنیاد پر مولانا فضل الرحمان کو عدالت سے سزا دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ کو نوٹس بھیجا ہے، مناسب جواب نہ ملا تو عدالت کا رخ کریں گے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ سیاسی احتجاج کرنے کے لیے عدالتی احکامات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان پہلے دن سے بلیک میلنگ کی سیاست کررہے ہیں تاہم پاکستان کو کمزور کرنے والوں کے خلاف ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔

وفاقی وزیر امور کشمیر کا کہنا تھا کہ والدین اپنے بچوں کو استعمال نہ ہونے دیں کیوں کہ فضل الرحمان سیاسی ایجنڈے پر کام نہیں کررہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو استعمال کرکے سیاست بچانے کی کوشش کی جارہی ہے اور ان کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا غلط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان صاحب اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں، ان کے ایجنڈے سے صرف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو فائدہ ہورہا ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کو کہاں سے فنڈنگ ہورہی ہے، سب جانتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر پر مودی اور اسلام آباد پر فضل الرحمان چڑھائی کی کوشش کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں