کوئٹہ میں ڈی ایس پی کی گاڑی پر فائرنگ، دو اہلکار جاں بحق


کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) حمید اللہ دستی کی گاڑی پر حملے میں دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

ہم نیوز کے مطابق قاتلانہ حملے میں ڈی ایس پی محفوظ رہے ہیں۔

بدھ کو پیش آنے والا واقعہ کوئٹہ کے علاقے سمنگلی روڈ میں پیش آیا۔ نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے ڈی ایس پی حمید اللہ دستی کی گاڑی کو فائرنگ سے نشانہ بنایا گیا۔ جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار مارے گئے۔

کوئٹہ میں نامعلوم افراد کے حملہ کا نشانہ بننے والے ڈی ایس پی حمیداللہ دستی

پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے پہلے سے گھات لگائے حملہ آوروں کا بھرپور مقابلہ کیا۔ شہید ہونے والے دونوں اہلکاروں کو سر میں گولیاں لگی ہیں۔ جب کے واقعہ میں ایک بچہ بھی زخمی ہوا۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونے والے دو سالہ سمیع اللہ کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔ جب کے واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس نے یہ بھی بتایا کہ جاں بحق پولیس اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل محمد طاہر اور محمد ایوب کے نام سے ہوئی ہے۔

کوئٹہ میں سکیورٹی اہلکاروں یا پولیس پرمتعدد حملے کئے جاتے رہے ہیں، ان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد شہید ہوئی ہے۔

15 روز قبل بھی کوئٹہ میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے فرنٹیئر کور( ایف سی) کے چار اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

واقعہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کے قریب مینگل آباد کے رہائشی علاقے میں پیش آیا تھا۔ نامعلوم مسلح افراد نے صبح آٹھ بجے ایف سی  کے چار اہلکاروں پر فائرنگ کر دی تھی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ چاروں اہلکار دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔


متعلقہ خبریں