شارع فیصل پر قانون کو للکارنے والے عدنان پاشاکو آہنی زیور پہنا دیا گیا

شارع فیصل پر قانون کو للکارنے والے عدنان پاشاکو آہنی زیور پہنا دیا گیا | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں مصروف ترین شاہراہ پر قانون کو للکارتے ہوئے فائرنگ کرنے والا ملزم عدنان پاشا گرفت میں آ ہی گیا۔

کراچی پولیس نے شارع فیصل پر سرعام فائرنگ کرنے اور مناظر کو ویڈیو بنا کر فیس بک پر اپ لوڈ کرنے والے عدنان پاشا کر گرفتار کر لیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی ملزم عدنان پاشا کو تھانہ شارع فیصل میں درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

سینیئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) شرقی زون کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ شارع فیصل میں مقدمہ ذیشان سعید عرف شانی نے گذشتہ شب درج کرایا تھا۔

ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو کے مطابق ملزم نے بہادر آباد تھانے میں درج مقدمے میں ضمانت لے رکھی ہے۔

عدنان پاشا نے شارع فیصل پر فائرنگ کرتے ہوئے ویڈیو بنائی تھی جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خود کو پکڑنے کا چیلنج بھی دیتا دکھائی دیا تھا۔

قبل ازیں پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم فائرنگ کے واقعہ کے بعد سے مفرور ہے، وہ غائب ہونے سے قبل نجی رینٹ اے کار سے گاڑی بھی لے کر فرار ہوا ہے۔

عدالتی احکامات کے باوجود سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی گرفتاری کے سلسلے میں تاحال ناکام کراچی پولیس کے لئے عدنان پاشا کی گرفتاری بھی انوکھی مشکل بن گئی تھی۔

عدنان پاشا تک پہنچنے میں ناکام رہنے والی کراچی پولیس نے ملزم کے قریبی عزیزوں کو حراست میں لے لیا تھا۔


متعلقہ خبریں