پاکستان بمقابلہ سری لنکا:قومی کرکٹرز کی نظریں شائقین کرکٹ پر

ٹیم منیجر نے کھلاڑیوں میں گروپنگ کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا

لاہور: ‏ قومی کرکٹرز نے شائقین کرکٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں دونوں ٹیموں اور کرکٹ کو اسپورٹ کرنے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں۔

قومی کھلاڑیوں نے کھیل کے مدحواں کو طویل عرصہ بعد ملک میں ایک روزہ کرکٹ سیریز کی بحالی کا جشن منانےکے لیے اسٹیڈیم آنے کی دعوت دی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اپنے ہوم گراؤنڈ میں قومی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کی قیادت میرے کیریئر کا یادگار لمحہ ہوگا۔ جمعہ کے روز سری لنکا کے خلاف شیڈول پہلے ایک روزہ میچ کا بے تابی سے انتظار کرنے والے سرفراز احمد نے کہا کہ یقین ہے میدان میں اترتے وقت ہوم کراؤڈ کے سامنے ہمیں بھرپور اسپورٹ ملے گی۔

کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ مداح کسی بھی کھیل کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ اپنے بھرپور جوش اور ولولے سے میدان میں موجود کھلاڑیوں میں ایک نئی امنگ پیدا کردیتے ہیں۔ سرفراز احمد نے مداحوں کو کرکٹ کا جشن منانے کے لیے اسٹیڈیم آنے کی دعوت دی ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ جنوری 2009 کے بعد کراچی میں پہلا ایک روزہ میچ 27 ستمبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہر قائد میں موجود تمام مداحوں سےدرخواست ہے کہ وہ اس تاریخی لمحے کا حصہ بنیں۔

بابراعظم نے کہا کہ کیریئر کے آغاز سے ہی شائقین کرکٹ کی بھرپور اسپورٹ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز بطور نائب کپتان سری لنکا کے خلاف پہلے میچ کے لیے میدان میں اترنا میرے کیریئر کا یادگار لمحہ ہوگا۔ میں کراچی سمیت ملک بھر کے شائقین کرکٹ سے اس یادگار دن کا جشن منانے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی آنے کی درخواست کرتا ہوں۔

بابر اعظم نے کہا کہ میں نے 2004 اور 2008 میں بھارت کے خلاف ایک روزہ میچز کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کراچی کوتماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے دیکھا ہے۔ 2004 میں انضمام الحق کی شاندار سنچری کے باوجود میچ میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔ 4 سال بعد یونس خان کےناقابل شکست 123 رنز کی بدولت پاکستان نے میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

نائب کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ بطور مڈل آرڈر بیٹسمین میں سری لنکا کے خلاف میچ میں شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد میں شرکت کا منتظر رہوں گا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے آلراؤنڈر شاداب خان نے کہا کہ میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2019 میں کراچی کا پرجوش کراؤڈ دیکھ چکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کی کامیابی میں بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا رخ کرنے والے شائقین کرکٹ کا اہم کردار رہا۔

شاداب خان نے کہا کہ سری لنکا کے خلا ف ایک روزہ سیریز میں بھی کراچی کے مداحوں سے مجھے اسی جوش اور ولولہ کی توقع ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف پہلا ایک روزہ میچ مجھے ماضی کے جھروکوں میں لے جائے گا۔ ہم نے سری لنکا کے خلاف آخری ایک روزہ میچ بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلا تھا۔ انہوں نے کہا وہ 10 سال بعد اسی گراؤنڈ میں بطور ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

مصباح الحق نے کہا کہ کراچی میں موجود کھیل کے مداحوں کی تاریخ رہی ہےکہ وہ کرکٹ کو اسپورٹ کرنے بڑی تعدادمیں اسٹیڈیم کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں بھی شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد کھلاڑیوں اور کھیل کو اسپورٹ کرنے میدان کا رخ کرے گی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کا کہنا ہےکہ کراچی کے مداحوں کو سری لنکا کرکٹ ٹیم کا استقبال کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ طویل عرصہ بعد پاکستان میں ایک روزہ سیریز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انھیں امید ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد اپنے اسٹار کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے: سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی


متعلقہ خبریں