سیاحتی مقام کالام میں بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی کا انکشاف


پشاور:وزیراعلی خیبرپختونخواکے آبائی ضلع سوات میں ٹمبر مافیا ایک بار پھر سرگرم ہوگیا۔سیاحتی مقام کالام میں بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی کا انکشاف ہوا ہے۔ 

ہم نیوز کو موصول تازہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کالام میں درخت گرانے کے لئے ٹمبر مافیا نے کارروائی شروع کردی ہے۔ قیمتی درختوں کی جڑیں کھوکھلی کرکے حفاظتی پٹیاں اتاری دی جاتی ہیں۔

یہ قیمتی درخت تیز ہوا میں خود گرجاتے ہیں جسے بعد میں ٹمبر مافیا غائب کر دیتے ہیں،سرحد کنزرویشن نیٹ ورک کے کوارڈینیٹر ڈاکٹر عادل ظریف نے الزام عائد کیا ہے کہ غیر قانونی کٹائی میں محکمہ جنگلات اورانتظامیہ کے لوگ ملوث ہیں۔

مافیا کا راستہ نہ روکا گیا تو کالام اور کمراٹ کے جنگل جلد ایبٹ اباد کی طرح غائب ہوجائیں گے۔

ہم نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد کے پی کے سینئیر وزیر عاطف خان نے نوٹس لے لیاہے ۔

عاطف خان نے وزیراعلی محمود خان اور چیف سیکرٹری کے پی سے رابطہ کیاہے اور ٹمبر مافیا کے خلاف اعلی سطح کی انکوائری کی استدعا کی ہے۔

عاطف خان نے کہاہے کہ جنگلات کی کٹائی سے سیاحتی مقامات کا حسن تباہ ہو رہاہے۔ وزیراعلی اس معاملے کا فوری نوٹس لیکر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ  قیمتی جنگلات کو تباہی سے بچایا جاسکے۔

انہوں نے اس اہم معاملے کو سامنے لانے پر ہم نیوز کا بھی شکریہ ادا کیاہے۔

یہ بھی پڑھیے: خیبر پختونخوا:حسین وادیٔ مالم جبہ میں درختوں کی کٹائی کا سلسلہ جاری


متعلقہ خبریں