’نہرو اور گاندھی کا ہندوستان مودی نے دفن کر دیا‘

ہندوستان پلوامہ ٹو جیسا ڈرامہ رچانے کی کوشش کرے گا، شاہ محمود

فوٹو: فائل


ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پانچ اگست کو نہرو اور گاندھی کا ہندوستان نریندر مودی نے دفن کر دیا۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنا مقدمہ لے کر گیا اور 54 سال کے بعد سیکورٹی کونسل نے آپ کو سنا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر مسلسل فائرنگ ہو رہی ہے اس کے باوجود انڈیا سے بات چیت سے کبھی پاکستان نے انکار نہیں کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے اپنا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا، آج بھارت کی پالسیی کی وجہ سے ہندوستان کا مسلمان اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھ رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ’مودی کی کامیابی کی دعا عمران خان نے کی‘

انہوں نے کہا کہ 14 تاریخ نے پورے ملک میں یوم آزادی کے ساتھ کشمیر سے یکجہتی منایا گیا جبکہ یورپ، امریکہ، نیوزی لینڈ ہر ملک میں کشمیری پاکستانی احتجاج کرتے دکھائی دئیے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی سیاسی جماعت کانگرنس کی تمام قیادت نے ان تمام فیصلوں کو مسترد کیا ہے جبکہ اجمیر شریف کے سجادہ نشین کا بیان تھا وہ اپنے اپ کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے کا حصہ تھا اور وہاں 13 دنوں سے کرفیو نافذ ہے۔

’ہندوستان پلوامہ ٹو جیسا ڈرامہ رچانے کی کوشش کرے گا‘

انہوں نے خدشے کا اظہار کیا کہ ہندوستان پلوامہ ٹو جیسا ڈرامہ رچانے کی کوشش کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مسلم امہ کی حمایت درکار ہے، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا جھنڈا کشمیر میں تیسری نسل نے اٹھا لیا ہے۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر پر کسی کو بھی سیاست نہیں کرنی چاہیے۔


متعلقہ خبریں