افغان بالر نے وقار یونس کا تین دہائی پرانا ریکارڈ توڑ دیا

afghanistan-team

افغانستان نےورلڈکپ کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا


دبئی: افغانستان کرکٹ ٹیم کے بالر مجیب الرحمان نے زمبابوے کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کر کے کم عمری میں زیادہ وکٹیں لینے کا وقار یونس کا تین دہائی پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا۔

زمبابوے کے خلاف میچ کے روز مجیب الرحمان کی عمر 16 سال 325  دن تھی۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے 18 برس کی عمر میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

زمبابوے کی پوری ٹیم 38ویں اوور میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

زمبابوے کو پہلا جھٹکا 14 رنز پر لگا جب سولومن مائرنو رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ دوسرے آؤٹ ہونےوالے کھلاڑی ٹریسائی مساکدزا تھے۔ جو چار رنر بنا کر مجیب الرحمان کا شکار ہوئے۔

مائر کے بعد ‘تو چل میں آیا’ پر عمل پیرا زمبابوین ٹیم کا کوئی کھلاڑی بھی ایک اینڈ پر کھڑے کریگ ایرون کا ساتھ نہ دے سکا۔

ایرون 54 رنز بنا کر ناقابل شکست ٹاپ اسکورر رہے۔ برینڈن ٹیلر نے قدرے مزاحمت کی اور 30 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ دیگر کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

افغان ٹیم معمولی ہدف کے تعاقب میں میدان میں آئی تو بغیر کسی نقصان کے 21.1 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

اوپنر محمد شہزاد نے 74 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے۔ احسان اللہ 53 گیندیں کھیل کر دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 51 بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ میں فتح کے ساتھ ہی افغانستان نے پانچ میچوں کی سیریز 3-1 سے اپنے نام کر لی ہے۔

سیریز کا پانچواں میچ 19 فروری کو کھیلا جائے گا۔

اس سے پہلے افغانستان نے دو میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز بھی دو صفر سے اپنے نام کی تھی۔


متعلقہ خبریں