لاہور: اسحاق ڈار کا بنگلہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا


لاہور: سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی چار کنال اور سترہ مرلے کا ہجویری  بنگلہ قبضہ میں لے لیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور ایل ڈی اے افسران نے پولیس کے ہمراہ گھر کو تحویل میں لیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصراللہ رانجھا، ایل ڈی اے اسٹیٹ آفیسر نے گھر اپنی مدعیت میں تحویل میں لیا۔

مزید پڑھیں: اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کے معاملے میں اہم پیشرفت

ضلعی حکومت نے سابق وزیر خزانہ کے اکاؤنٹ سے بھی کروڑوں روپے کی رقم ضبط کر لی ہے جبکہ ان کے مختلف بنکوں میں موجود رقم کو صوبائی حکومت کے اکاؤنٹس میں جمع کرا دی گئی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے اکاؤنٹس میں موجود رقم تقریباً 50 کروڑ کے قریب بنتی ہے۔

اسحاق ڈار کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیب ریفرنس زیر سماعت ہے اور وہ پاناما کیس کے فیصلے کے کچھ عرصے بعد علاج کی غرض سے لندن چلے گئے تھے جس کے بعد وطن واپس نہیں آئے۔

سپریم کورٹ کی ہدایت پر حکومت کی جانب سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا گیا تھا اور وہ بغیر پاسپورٹ کے برطانیہ میں رہ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں