پاکستان کی ایک اور سفارتی فتح، چین کا کشمیر پر امریکی ثالثی کا خیرمقدم

داسو واقعہ: چین کا پاکستان کی تحقیقات پر اطمینان کا اظہار

اسلام آباد: امریکہ کے بعد چین نے بھی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لیے امریکی پیشکش کی حمایت کر دی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ہفتہ وار بریفنگ  کے دوران مسئلہ کشمیر پر امریکی ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت تعلقات کی بہتری کیلئے امریکہ سمیت تمام عالمی برادری کے کردار کے حامی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اور بھارت کا مشترکہ ہمسائیہ ملک ہے، دلی خواہش ہے کہ دونوں ملک ہم آہنگی سے رہیں۔

ترجمان چینی وزارت خار جہ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے فریقین مسئلہ کشمیر پرامن طریقے سے حل کریں، دونوں ملکوں کو دیگر تنازعات بھی مذاکرات کے ذریعے ختم کرنا ہوں گے، دونوں ملکوں کو خطے میں امن و استحکام کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔

مزید پڑھیں: امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی

یاد رہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیش کش کی تھی اور کہا تھا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے ان سے ثالثی کرنے کا کہا ہے۔

صدر ٹرمپ کے اس انکشاف پر بھارتی ایوانوں میں زلزلہ پیدا ہو گیا اور وزیرخارجہ نے کسی بھی قسم کی ثالثی کی بات کی تردید کر دی، تاہم بھارتی حکومت ابھی تک دباؤ میں ہے۔

امریکہ کے بعد چین کی جانب سے ثالثی کا خیرمقدم بھارت کے لیے ایک اور سفارتی دھچکہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش، بھارتی میڈیا آگ بگولہ


متعلقہ خبریں